| |
Home Page
جمعرات 28 محرم الحرام 1439ھ 19 اکتوبر 2017ء
June 19, 2017 | 12:00 am
نواز شریف علاقائی سیاست پروان چڑھا رہےہیں،مولا بخش چانڈیو

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک میں علاقائی سیاست کو پروان چڑھا رہےہیں،آپ جس راستے پر چل نکلےہیں اس کا نقصان وفاق کو ہی ہوگا۔ عوام کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں۔ احتساب تو ہمیشہ پیپلز پارٹی کاہوا ہے۔پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو وفاق کی سلامتی کیلئے قربانیاں دیتی رہی ہے۔ وہ اتوار کوپیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے دی گئی دعوت افطارمیں خطاب کر رہے تھے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکمرانوں کی چیخیں نکل رہی ہیں،وزیراعظم نے مخصوص ایجنڈا کی بات کی ہے ذرا ہمیں بھی بتائیں کہ یہ مخصوص ایجنڈا آخرہے کیا؟،آپ وزیراعظم ہیں پھر بھی سہمے سہمے ہیں۔ آپ کی اپنی حکومت ہے اور آپ کہہ رہےہیں کہ آپ کا احتساب ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے میں جنرل پالیسی کے تحت کارخانے نیشنلائز کئے گئے آپ کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ آپ نے تو جیل کی تکلیف کبھی دیکھی ہی نہیں ہے۔آپ کو تو آپ کی اپنی مرضی سے باہر ملک بھیجا گیا۔چھوٹے صوبے کا کوئی رہنما آپ جیسی باتیں کرتا تو آج پتہ نہیں اس کا کیا حشرہوتا ۔آپ سے پوچھ گچھ شروع ہوئی ہے تو آپ نے رونا شروع کردیا ہے۔پاکستان کو بچاناہے تو ملک کے آئین کاچہرہ چاروں صوبوں میں ایک جیسا ہونا چاہیے۔آپ صبح شام ملک کے اہم اداروں کے خلاف بولیں تو آپ کو کچھ نہیں ہوتا ہےلیکن یہی باتیں کسی چھوٹے صوبے کا رہنما کرتا تو آج اس کو سبق بھی مل چکا ہوتا۔ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک میں امید نو ہیں۔وہ ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر لے چلیں گے۔