• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھان پان سا انسان تھا وہ، کسی نواب کی اولاد تھا نہ پُشت پر اس کی کوئی بڑاخاندان تھا اور نہ ہی دولت کے انباراس کے پاس تھے۔مقابلے میں مکار ہندو تھے اور آدھی دنیا کو غلام بنانے والے شاطر انگریز۔وہ عزم و امید کی دولت سے مالا مال تھا، یہ دولت اُس نے مسلمانوں میں بانٹ دی۔ پھر ہر طرف سے ایک ہی آواز گونجتی تھی ’’لے کے رہیں گے پاکستان، بن کے رہے گا پاکستان‘‘۔ مختصر مُدت کے بعد حضرتِ قائداعظم ؒ کی کوششیں رنگ لائیں اور دنیا کے نقشے پر نیا ملک پاکستان ابھر آیا۔ آج ستر سال کا پاکستان۔ شبِ قدر کی رات پورے ستر سال کا پاکستان۔ اﷲ غریق رحمت کرے جنابِ حمید گل کو جو ہمیشہ مایوسیوں کی جگہ امید کی شمع روشن کرتے تھے، کہا کرتے تھے پاکستان میں اللہ نے خاص جوہر رکھا جو ہرآزمائش میں سرخرو ہو جاتا ہے۔ ہر طرف سے دشمن اِس کیخلاف سازشوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیںمگر اﷲکے خاص فضل سے قائم ہونے والا پاکستان قائم و دائم ہے اور ان شاءاﷲ رہے گا۔ مکار ہندو آج بھی اِس مملکت کیخلاف لام بندی میں مصروف ہیں۔ آج وزیر اعظم پاکستان جناب میاںنواز شریف کو مودی کا یار قرار دینے والے دانشور جب آئے روز بھارت یاترا کر کے واپس لوٹتے تھے تو ان کی ’’زبانِ اطہر‘‘ سے فرمایا جاتا تھا کہ پاکستان کو قائم رکھنے کی سب سے زیادہ فِکر بھارتی سرکار کو ہے جس کو ڈر ہے کہ پاکستان ٹوٹ گیا تو مہاجرین کا دبائو ہندوئوں کی معیشت کو تباہ کردے گا۔ زندگی میں انسان کو کیا اول فول سننا پڑتا ہے۔آج پینترے بدلتے ’’مستند دانشوروں‘‘کو اپنا تھوکا نگلنا مشکل ہو رہا ہے۔بے وفا امریکیوں ، ازلی دشمن بھارت اور احسان فراموش کرزئی واشرف غنی کی ریشہ دوانیاں اپنی جگہ مگر سی پیک کی صورت اﷲنے پاکستان کے استحکام کی نئی راہیں کھول دیں۔ پاکستان تیر رفتار ترقی سے ان شاء اللہ آگے بڑھے گامگر یہ حقیقت بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ غیروں کی سازشوں اور اندرونی خلفشار سے مملکت پاکستان کو کئی آزمائشیں درپیش ہیں۔قیامِ پاکستان کی جدوجہد کے دوران خطاب کرتے ہوئے نواب بہادر یار جنگ نے اسٹیج پر موجود قائدِاعظم کو کہا تھا کہ آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ہم پاکستان حاصل کر لیں گے مگر آپ کے دائیں بائیں موجود(اس وقت کے بعض مسلم لیگی ر ہنمائوں کی طرف اشارہ)لوگ اِسے پاکستان نہیں بننے دیں گے۔ نواب صاحب قیام پاکستان سے پہلے ہی عارضی دنیا کو داغِ مفارقت دے گئے، مگر ان کی بات سچ ثابت ہوئی۔ پاکستان حاصل ہو گیا مگر قائد کا حقیقی پاکستان نہ بن سکا۔مسلمانوں کی جدوجہد اور لازوال قربانیاں محض ایک ٹکڑا ِزمیں حاصل کرنے کے لئے نہیں دی گئی تھیں۔ وہ جہاد تو ایک نظریاتی مسلمان ریاست کے قیام کے لئے تھا۔ سیاستدان و فوجی آمر میوزیکل چیئر کا کھیل جاری رکھ کر اپنی ذاتی تجوریاں بھرتے رہے۔ لوٹ مارکے اِس مکروہ دھندے کے پیش نظرآج ہم عالمی مالیاتی اداروں کے کھرب ہا روپوں کے مقروض ہیں۔ حکمرانوں کی اقتدار کی ہوس کے سبب پاکستانی قوم امریکی غلامی میں جکڑی جا چکی ہے۔ امریکی کھیل کے سبب پہلے ہم نے اپنے نوجوان جہاد کے نام پر ذبح کروائے اور آج نام نہاد انسدادِ دہشت گردی کے نام پر ہم باہم دست و گریباں ہیں۔معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ اقتدار میں موجود طبقے کی ہوس پوری ہوتی ہے اور نہ قوم کو کوئی صاف ستھری قیادت نظر آتی ہے۔ حکمرانوں کا احتساب کرنے کا دعویدار وہ رہنما ہے جِس کے ارد گرد اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو ماضی میں کرپشن کرتے رہے۔ جناب عمران خان ایک دن قبل تک جن لوگوں کو چور لٹیرے کہتے ہیں اگلے روز ہی وہ ان کی جماعت میں شامل ہوتے ہیں تو ان کی بانہوں میں بانہیں ڈال کر قوم کو انقلاب کی نوید سناتے ہیں۔
ترے وعدے پر جئے ہم تو یہ جان جھوٹ جانا
کہ خوشی سے مر نہ جاتے، گر اعتبار ہوتا
ملک کی اِس دگِرگوں صورتِ حال میں ہر پاکستانی چاہے حزب اقتدار میں ہو یا اختلاف میں۔ بڑا سرکاری بابو ہو یا عام ریڑھی بان۔ سپاہی ہو یا جرنیل غرضیکہ تمام قوم کو کفِ افسوس ملنے کی بجائے ایک نیا عزم کرنا ہوگا کہ وہ خاموش تماشائی کا کردار ترک کرے گا۔ ہر ایک جو اس کا کردار بنتا ہے وہ اسے ادا کرے گا۔آئیں نئے عزم ، حوصلے اور ولولے کے ساتھ ہم آگے بڑھ کر صرف اور صرف پاکستانی بن کر جدوجہد کریں۔ آئیں کوششوں کیساتھ قیام پاکستان کی عظیم رات جس کو ہمارے رب نے ایک ہزار راتوں سے زیادہ فضیلت والی رات قرار دیا میں اپنے پرودگار کے سامنے رو کر ،گِڑ گڑا کر دعا کریں۔اﷲ ہم نے اِس عظیم نعمت پاکستان کی قدر نہیں کی تو ہماری خطا معاف کردے۔ اللہ ہمیں سچا اور پکا پاکستانی بنا دے۔ ہمارے اندر سے لِسانی و علاقائی تعصبات نکال دے۔ربِ رحیم ہم نے تجھ سے عہد باندھ کر جو اسلامی نظریاتی پاکستان بنایا تھا ،مولا ہم اس عہد کو بھول گئے، اللہ تُو ہماری لغزشیں معاف کردے۔ ہم کو توفیق بخش کہ ہم اس مملکت میں تیری اور تیرے حبیب ﷺکی شریعت کو نافذ کر سکیں۔
ربِ کریم ! ہم عام پاکستانی ہوں یا ہمارے حکمران تیرے گھر پہنچ کر دعائوں اور نبی رحمت ﷺ کے روضہِ اقدس پر سلام اور جو دعائیں مانگتے ہیں۔ یااﷲ ان دعائوں کا عشر عشیر ہی ہماری عملی زندگی میں نافذ کرنے کی توفیق بخش دے۔ اﷲ ہماری دلوں سے منافقت نکال دے۔ عادل ربِ کائنات ہم تم سے ملتمِس ہیں کہ تو ہمارے منصِفوں کو توفیق بخش کہ وہ دنیاوی واہ واہ کو پس پشت ڈال کر تجھ سے باندھے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے عام فرد تک کو عدل و انصاف سے فیض یاب کر سکیں۔ ہمارے محافظ رب تو جانتا ہے کہ دشمن نے اِس مملکت کو ہر طرف سے گھیرا ہوا ہے۔الہٰی تو انکے عزائم کو ناکام بنا دے۔ ہماری سپاہ کو اِس بات کی توفیق بخش کہ وہ اپنی تمام تر توجہ صرف اور صرف ملک کے دفاع و حفاظت پر مرکوز کر سکے۔ اﷲسرحدوں پر لڑنے والے ہمارے فوجیوں کو کامیابی بخش۔اﷲہم اپنی لڑائیوں میں مگن پاکستان کی شہ رگ کشمیر کو بھول بیٹھے۔ مکار ہندوئوں نے کشمیریوںکاجینا محال بنا دیا۔ اﷲ تو ہمیں حیا ء بخش ایسا دِل عطا کر جو ملت کشمیر کا درد محسوس کر سکے۔ وہ احساس بخش جس کے ذریعے ہم کشمیریوں کے حقیقی پشت پناہ بن سکیں۔امریکی خوشنودی کے حصول اور طاغوت کے خوف سے ہم فلسطینیوںکو بھلا بیٹھے ، عظیم رب تو ہمیں طاغوت کے خوف سے نکال کر قبلہ اول کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والی قوم بنا دے۔ اﷲ سالہاسال سے جن کے پیارے اُن سے جدا کر دئیے گئے تو ان کی واپسی کا اہتمام کرکے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک لوٹا دے۔ رحیم رب مُقتدرطبقوں کو احساس بخش کہ وہ گم کردئیے گئے لوگوں کو آزاد کر دیں یا پھر ملکی قانون کے مطابِق ان سے معاملہ کریں۔ اﷲ ہمارے قومی ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے فورمز پر لکھنے والوں کو یہ توفیق بخش کہ وہ بے پرکی اڑانے کی بجائے تحقیق کے بعد تحریر و بول سکیں۔ہمیں قوم کی ر ہنمائی کرنے والا قلم کار بنا دے نہ کہ ہیجان و افراتفری پیدا کرنے والا۔ اﷲ ہمیں صحیح طور پر مانگنا بھی نہیں آتا۔ کریم رب، عظیم رب، رحیم رب ہماری اِس ٹوٹی پھوٹی دعا کو قبول کر کے ہماری زندگیوں کو تبدیل کر دے ۔ ہم کو دوسروں کا درد بخش دے۔ ہمیں وہ احساس عطا فرما کے جن کے ہاں فاقے ہیں، بدن پر مناسِب لباس نہیں، اﷲ اِس عید پر ہم ان کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کر سکیں۔ آمین یا رب العالمین۔

 

.

تازہ ترین