کرپشن کیلئے ادارے تباہ کئے گئے ، پاناما فیصلہ ملکی تقدیر بدل دیگا، عمران
| |
Home Page
اتوار 29 رمضان المبارک 1438ھ 25 جون 2017ء
June 20, 2017 | 12:00 am
کرپشن کیلئے ادارے تباہ کئے گئے ، پاناما فیصلہ ملکی تقدیر بدل دیگا، عمران

Todays Print

کرپشن کیلئے ادارے تباہ کئے گئے ، پاناما فیصلہ ملکی تقدیر بدل دیگا، عمران

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے ماتحت فرشتے بھی آجائیں تو کرپشن ختم نہیں کر سکتے، کرپشن کیلئے ادارے تباہ کئے گئے ، پاناما فیصلہ ملکی تقدیر بدل دے گا ، لاڑکانہ اور موئن جودڑو میں زیادہ فرق نہیں، سڑکیں صرف کاغذ پر ہیں ، ملک میں اسپورٹس سسٹم بھی تباہ ہوگیا ، کسی بھی ملک میں وزیراعظم کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقررنہیں کرتا۔

یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، علی زیدی ، انجینئرنجیب ہارون، حلیم عاد ل شیخ، ، الیاس شیخ ، دوا خان صابر، زنیرہ ملک، ملک شہزاد اعوان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں کرپشن کا ٹیلنٹ خوفناک ہے ۔ اربوں روپے سالانہ بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں ۔ شریف خاندان کا شہزادہ لندن میں ساڑھے چھ سو کروڑ روپے کے فلیٹ میں رہتا ہے۔ شریف خاندان منی ٹریل دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ جن ملکوں کے ادارے ٹھیک ہوتے ہیں وہی ملک ترقی کرتے ہیں ۔ پاکستان کے سسٹم کو کرپشن ڈی ریل کر رہی ہے۔

پاناما کیس میں شریف خاندان کی کرپشن سب کے سامنے ہے اس لئے ہر وقت حکومتی درباری اور موٹو گینگ شور مچا رہے ہیں ۔ شریف فیملی جے آئی ٹی میں اس طرح جا رہی ہے جیسے کشمیر فتح کرنے جا رہے ہوں۔ ایک سوا ل کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ کے ترقیاتی کاموں کے نام پر کاغذوں میں 90؍ ارب روپے ظاہر کئے گئے لیکن خرچ کچھ نہیں ہوا۔

پورا سندھ موئن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ سندھ میں تعلیم اور صحت کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔ سندھ کے نوجوانوں کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ آصف زرداری کی سرپرستی میں سندھ کے وسائل پر ایک کرپٹ ٹولہ قابض ہو چکا ہے جو دونوں ہاتھوں سے سندھ کے وسائل لوٹ رہا ہے۔ آج سندھ کا نوجوان روزگار کے حصول کے لئے دربدرکی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔

انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں شریف خاندان کے ساتھ ساتھ سندھ میں لوٹ مار کرنے والے آصف زرداری کو بھی شکست سے دوچار کریں گے۔ جب کرپٹ ٹولہ پابند سلاسل ہوگا اور ان کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس آئے گا تو پورا ملک اس وقت ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ شریف خاندان اور زرداری خاندان کے ہوتے ہوئے پاکستانی قوم خوشحال اور ترقی یافتہ نہیں ہو سکتی ۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم میں ہر قسم کا ٹیلنٹ موجود ہے ۔ کرکٹ میں پالش کرنے والا نظام موجود نہیں ہے۔ کسی ملک میں وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نہیں لگاتا۔ فخر زمان کی اچھی ایننگ پر خوشی ہوئی ۔ سرفراز سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔