• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مساجد پر حملے کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، علامہ خورشیدعالم صابری

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) شمالی انگلستان کے ڈسٹرکٹ بریڈ فورڈ میں لیلۃ القدر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مساجد کے رضاکاروں کے علاوہ مقامی پولیس مساجد کے گرد گشت کرتی رہی۔ بریڈ فورڈ کی تمام مساجد میں عبادات ، جشن نزول قرآن و تکمیل قرآن کے خصوصی پروگرام رکھے گئے تھے۔ لیلۃ القدر کی رات سب سے بڑا جشن ختم قرآن کا جلسہ مرکزی جامع مسجد کیتھلے میں ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ حضرت علامہ قاری زمرد قادری، نوجوان حافظ محمد اسماعیل فیصل، علامہ ظہور احمد رضا کو رمضان المبارک میں قرآن پاک سنانے پر انتظامیہ اور نمازیوں کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ نماز تراویح کے بعد جشن نزول قرآن کا عظیم الشان جلسہ ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ خورشید عالم صابری خطیب اعظم کیتھلے نے کہا کہ لیلۃ القدر کو قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا ہے۔ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہے جس میں امت مسلمہ کو قرآن کی دولت ملی۔ رمضان المبارک ہمیں جہاں صلہ رحمی، محبت، رواداری، صبر و استقامت کا درس دیتا ہے وہاں اس بات کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پرامن دین ہے۔ شدت پسندی کا اس میں کہیں بھی تصور نہیں، برطانیہ میں حالیہ دہشت گردی اور مساجد پر حملے کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہے جسے باہمی اتحاد و اتفاق سے ناکام بنانا ہوگا۔ گرینفل ٹاور میں مسلمانوں نے جو کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے، ہمیں ایسے موقع پر آگے آکر مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ مسلم ایسوسی ایشن کے صدر شوکت میر پوری نے خطاب کرتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کو قرآن فہمی کی تعلیمات کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ دور حاضر میں انتہا پسند قوتیں نوجوان نسل کو مس گائیڈ کرکے انتہا پسندی کی جانب دھکیل رہی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ رمضان المبارک میں جس طرح ہم نے مساجد کے ساتھ رشتے کو مضبوط کیا اور قرآن کریم کے ساتھ رغبت پیدا کی اس کو برقرار رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی زبوں حالی کی وجہ قرآن کریم سے دوری ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قرآن کریم سے اپنا رشتہ مضبوط کریں۔ الحاج ظفر اقبال جماعتی نے کمیونٹی کی جانب سے مسجد کے ساتھ بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مولانا غلام محی الدین، علی اکبر چشتی کے علاوہ کثیر تعداد میں نعت خواں اور قراء حضرات نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں علامہ خورشید عالم صابری نےامت مسلمہ اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین