• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے

سلائو(اورنگزیب چوہدری )برطانیہ میں حالیہ دہشت گردی کے افسوسناک واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں کو اپنے منفی عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔برطانیہ ہمارا ملک ہے اس کو نقصان پہنچانے والے ہمارے بھی دشمن ہیں۔برطانیہ میں مذہبی اور لسانی تعصب اور نفرت پھیلانے والوں کو ناکام بنائیں گے ،مساجد کے باہر مسلم کمیونٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔برطانوی حکومت برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور عام شہریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کاسلائوکے مختلف سیاسی وسماجی رہنمائوں نے جنگ سے گفتگو میں کیا جن میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر محمود ریاض، عشرت شاہ ،کونسلر چوہدری نذیر،کونسلر ظفر عجائب، کونسلر چوہدری شریف، کونسلر عتیق سندھو،کونسلرچوہدری شفیق،ممتاز کاروباری شخصیت چوہدری اشتیاق ،بیرسٹر اظہر چوہان،صدر پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن سلائو راجہ محمد شبیر ،چوہدری قاسم بابا ایڈووکیٹ ودیگر شامل تھے۔رہنمائوں نےکہاکہ برطانیہ میں مقیم تمام کمیونٹیزکےدرمیان اچھے مثبت تعلقات قائم ہیں،دہشت گرد برطانوی عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں سب کو مل کر اتفاق و اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے نفرتوں اور تلخیوں کو فروغ دینے والوں کو ناکام بنائیں،ملکی اور اجتماعی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں باہم مل کر کام کرنا ہوگا اور اپنے سیاسی اور ذاتی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متفقہ اور مشترکہ کوششوں کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، کسی بھی قسم کی اور کسی بھی طرف سے دہشت گردی قابل مذمت ہے اور ہمیں بحیثیت محب وطن برطانوی شہری اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دینا ہوں گے۔رہنمائوں نے مزید کہاکہ سلائو میں تمام مذاہب رنگ و نسل کے لوگوں کے درمیان انتہائی اچھے مثبت تعلقات قائم ہیں اور ہمیں اس مضبوط رشتے کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ سلائو صحیح معنوں میں ملٹی کلچرل سوسائٹی کا عملی نمونہ پیش کر رہا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔

تازہ ترین