• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن پاک میں عالم انسانیت کیلئے جامع پیغام موجود ہے، صاحبزادہ حسین رضا

نوٹنگھم (زاہد انور مرزا)نوٹنگھم میں مرکزی جامع مسجد اسلامک سنٹر میں لیلۃ القدر اور جشن نزول قران مجید کی عظیم الشان محفل سے خطیب علامہ محمد سجاد رضوی اور مہمان خصوصی صاحبزادہ محمد حسین رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں عالم انسانیت کے لئے جامع پیغام ہدایت موجود ہے، مذہبی رہنمائوں نے اپنے پُر مغز خطاب میں اس کتاب ہدایت سے استفادہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ملت اسلامیہ کلام ربانی سے ناتہ مضبوط کرکے کھویا ہوا وقار بحال کر سکتی ہے۔ قران امن، عافیت اور عدل و انصاف کا پیغام دیتا ہے ،قرآن پاک نے اقوام عالم کو درس انسانیت سے نوازا ہے اور کائنات کے اسرار سربستہ سے پردہ اٹھا کر عبد اور معبود کے پرجمال تعلق کی حقیقت آشکارا کی ہے۔ صاحبزادہ حسین رضا نے اپنے پیغام میں نوجوانوں کو مساجد سے وابستہ ہونے اور اسلامی تہذیب کو اگلی نسلوں تک شفافیت کے ساتھ منتقل کرنے پر زور دیا اور مسلم مفکرین کے قرآنی نظریات کو اپنی عملی زندگی میں ڈھالنے کی ترغيب دیتے ہوئے باطل قوتوں سے علمی مقابلہ کرنے کا درس دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت بیضا کی بنیاد ٹھوس اصولوں پر استوار ہے، اخلاص اخلاق اور خوبصورت کردار سے عالمگیر مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ محفل کا اختتام درود و سلام اور امت مسلمہ کے لئے دعا کے ساتھ ہوا۔

تازہ ترین