اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئر مین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے ایک ‛ ایک کروڑ کا اعلان غلط ہے۔ ‛وزیراعظم قوم کو یہ بتائیں کہ کھلاڑیوں کو یہ خطیر رقم قومی خزانے سے دی جارہی ہے یا ان کے ذاتی اکاؤنٹ سے۔ پاکستان کے مقابلہ میں آسٹریلیا کر کٹ ٹیم نے چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتے ہیں لیکن وہاں کے وزیر اعظم نے کبھی بھی کھلاڑیوں کیلئے کروڑوں کا اعلان نہیں کیا۔ عاقل اور بالغ لیڈران ہارنے پر چیخیں اور جیتنے پر زبوں حال قوم کی دولت لٹانے کااعلان نہیں کرتے۔اپنے بیان میںانھوں نے کہا کہ اگر آئندہ کھلاڑی کو ئی میچ ہار جاتے ہیں تو کیا ان سے رقم واپس لی جائے گی ؟ ایک طرف ملک میں غریب آدمی کا جینا محال ہے ‛ مہنگائی اور غربت کی وجہ سے آئے روز مائیں اپنے لخت جگروں کے ساتھ خود کشیاں کر رہی ہیں تو دوسری جانب افسوس کہ حکومت عوامی دولت اپنی سیاست کی نظر کر کے ان سے عید کی خوشیاں بھی چھین رہی ہیں - انھوں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے مطالبہ کیا کہ وہ از خود بھوک اور افلاس سے پر قوم پہ ترس کھاتے ہوئے بڑے پن کا مظاہرہ کرتےہوئے قومی خزانے سےپیسا نہ لینے کا دبنگ اعلان کریں ‛ اس سے ٹیم کا وقار قوم کی نظروں میں مزید بلند ہوگا ۔