• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: جمعۃ الوداع کے موقع پر شہرکے داخلی راستوں کی سخت چیکنگ

سکھر(بیورو رپورٹ) جمعۃ الوداع کے موقع پر سکھر شہر سمیت ضلع کے تمام علاقوں میں پولیس کو ہائی الرٹ رکھا گیا تھا، پولیس کی بھاری نفری اور کمانڈوز کے ساتھ ساتھ امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے شہباز رینجرز کے جوان بھی مختلف مساجد، امام بارگاہوں اور جمعہ کے اجتماعات والے مقامات پر تعینات تھے، شہر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس کی جانب سے سخت چیکنگ کی گئی، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے جمعتہ الوداع کے موقع پر شہر کے تمام علاقوں میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات کا دورہ کیا اور وہاں موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹیوں کا جائزہ لیا، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق جمعۃ الوداع کے موقع پر شہر سمیت ضلع بھر میں نماز جمعہ کے سو سے زائد چھوٹے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں جن کی حفاظت کے لئے پولیس نے فول پروف اقدامات کئے تھے،مساجد، امام بارگاہوں میں چیکنگ کا نظام بھی موجود تھا۔ضلع بھر میں 800سے زائد پولیس اہلکاروں اور کمانڈوز کو مختلف مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے شہباز رینجرز کے افسران وجوان بھی مختلف علاقوں میں تعینات رہے، تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئیں تھیں کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں جمعۃ الوداع کے اجتماعات کے موقع پر امن وامان کی فضا کو مکمل بحال رکھنے اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔

تازہ ترین