ہالا(نامہ نگار) گٹر لائن کا تنازع، پیپلز پارٹی کے سید گروپ سابق آئی جی سندھ اور ڈسٹرکٹ زکوٰ ۃ کمیٹی کے چیئر مین کے درمیان مسلح تصادم، فریقین مورچہ بند، اڈیرو لعٰل ولیج میں زرعی زمین پر نکاسی آب کیلئے بنایا گیا نالا گاڑیوں کی آمد ورفت میں رکاوٹ بننے کے باعث سابق آئی جی سندھ اور ضلع کونسل مٹیاری کے وائس چیئرمین سید صالح شاہ کے والد سید مشتاق شاہ اور ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کمیٹی مٹیاری کے چیئرمین سید ممتاز شاہ کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سید مشتاق شاہ کی گاڑی پر فائرنگ اور نقصان پہنچانےکے بعد علاقہ میں کشیدگی بڑھ گئی۔ پولیس نے جائے وقوع پہنچ کر صورتحال کنٹرول کی تاہم فریقین کے مسلح افراد مورچہ بند ہوگئے۔ مشتاق شاہ کی جانب سے اڈیرو لعٰل تھانے پر سید ممتاز شاہ اور ان کے دو بھائیوں امتیاز شاہ اور سعید احمد شاہ سمیت 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ممتاز شاہ کے مطابق سابق آئی جی نےاپنے اثرورسوخ کے ساتھ طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرے گھر پر فائرنگ کی ہے۔ دریں اثناء دونوں گروپوں کے حامی جیالوں نے ایک دوسرے خلاف نعرےلگاتے ہوئے مختلف الزامات لگائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان کشیدگی اور مسلح مورچہ بندی مزید تصادم کا سبب بن سکتی ہے۔