• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعۃالوداع کے موقع پر ملکی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کی خصوصی دعائیں

سکھر+میر پورخاص+کوٹ غلام محمد(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) جمعۃالوداع کے موقع پر  ملکی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ  رمضان المبارک کی 27ویں شب روح پرور محافل کا سلسلہ سحری تک  جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق سکھر جمعۃ الوداع کے موقع پر تمام مساجد،ا مام بارگاہوں اور جمعہ کے اجتماعات والے مقامات پر علمائے کرام نے ملک کی سلامتی ، بقاء، ترقی، خوشحالی ، اسلام کی بالا دستی اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے خصوصی طور پر دعائیں کرائیں، مرکزی جامعہ مسجد میں قاری جمیل احمد، اللہ والی مسجد کے خطیب مفتی عبدالباری، غوثیہ مسجد میں مفتی محمد ابراہیم قادری،حیدری مسجد پرانا سکھر میں علامہ علی بخش سجادی سمیت دیگر مساجد میں علمائے کرام نے جمعۃ الوداع کے موقع پر اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی فضیلت، اہمیت اور رخصت رمضان کے حوالے سے روشنی ڈالی۔ علمائے کرام نے دہشتگردوں کے خلاف ملک میں جاری کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن رد الفساد کی کامیابی سے ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہےاس موقع پر خصوصی طور پر دعائیں مانگیں۔ میرپورخاص اور  گرد ونواح میں بھی  27ویں شب رمضان المبارک مذہبی جوش وخروش اور نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔اس موقع پر شہر بھر کی مساجد کو دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیا تھا،جبکہ خالق مخلوق کی نعمتوں،برکتوں اور خوشنودی  کے حصول کے لئے نماز تراویح کے بعد ختم قرآن، نوافل اور دیگر عبادات کی روح پرور محافل کا سحری تک سلسلہ جاری رہا۔ جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے انفرادی اور اجتماعی طور پر خشوع وخصوع کے ساتھ حصہ لیا۔علمائے کرام نے شب قدر کی اہمیت اور فضائل بیان کئے۔ مختلف مقامات پر سحری کے اجتماعی انتظامات کئے گئے تھے،خصوصی عبادت اور نماز فجر کے بعدلوگوں کی بڑی تعداد نے  قبرستانوں میں اپنے عزیز واقارب کی قبروں پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کے لئے دعائیں مانگیں۔شب قدرکی عبادات میں نماز فجر کے بعد اسلام کی سربلندی،پاکستان کی ترقی وخوشحالی،دہشت گردی کے خاتمے   کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ کوٹ غلام محمد رمضان المبارک کی 27 ویں شب  کے موقع پر پورے تعلقہ کی مساجد میں خصوصی اجتما عات، ختم قرآن پاک اور درود و سلام کی محافل ہوئیں۔ سیکڑوں فرزندان توحید نے تمام رات جاگ کر عبادت کی اور رب تعالی کے حضور گناہوں کی معافی اور مغفرت کی دعائیں کیں۔ اس موقع پر کئی مساجد پر چراغاں بھی کیا گیا۔دریں اثنا تمام مساجد میں جمعۃالوداع کے موقع پر نماز کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ مساجد نمازیوں کی کثیر تعداد کے باعث بھری ہوئی تھیں۔ اس موقع پر پاکستان اور عالم اسلام کی سر بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ سیکورٹی کے لے بعض جگہوں پر پولیس تعینات کی گئی تھی۔

تازہ ترین