• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھل : قبرستان کی زمین پر قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جیکب آباد(نامہ نگار) ٹھل کے قصبہ حاجی محمد عمر کنڈرانی کے تاریخی قبرستان یار محمد شاہ کی چار ایکڑ سے زائد زمین پر بااثر افراد کے قبضے کے خلاف دیہاتیوں نے جیکب آباد میں ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دیا اور قبرستان پر قبضے کے خلاف نعرے لگائے۔ بعدازاں مظاہرے میں شامل بچوں،خواتین اورمردوں نے ریلی کی صورت میں ڈی سی چوک پر  دھرنادے کر روڈ بلاک کردیا۔ اس موقع پر مظاہرین ظہور احمد کنڈرانی،دلاور حسین،رفیق احمد،مسمات حوراں،مسمات نسیماں اوردیگر نے صحافیوں کو بتایاکہ ہمارے گاؤں کی درگاہ یار محمد شاہ کے تاریخی قبرستان کی چار ایکڑسے زائد زمین پر بااثر وڈیرے نے قبروں کو مسمار کرکے قبضہ کرلیاہے جب تک قبضہ ختم نہیں کیاجائے گا ہمارااحتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر گاؤں والوں کے وکیل زاہد سومرونے بتایاکہ قبرستان پر قبضے کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیاہے جس کے بعد جیکب آباد کے ایڈیشنل سیشن جج غلام مرتضیٰ میتلو کے حکم پر ڈی سی جیکب آباد آغاشاہنواز بابر کی جانب سے ریونیو کے حکام کو قبرستان کی زمین کی پیمائش کے لیے بھیجا جس پر گاؤں والوں کو تحفظات ہیں۔ گاؤں والوں نے الزام لگایا  کہ محکمہ ریونیو کے اہلکار قبضہ مافیا کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور وہ قبرستان کی زمین پرقبضہ کرناچاہتے ہیں۔

تازہ ترین