• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس، بھارتیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف

  لندن/ لاہور (آئی این پی/جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ 2017کو داغدار کرنے میں بھارت کا شرمناک ہاتھ سامنے آ گیا۔ سنسنی خیز انکشاف کے مطابق اسکینڈل کے مرکزی کردار کا تعلق بھارت ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید کی ڈوریں کسی اورشخص کے ہاتھ میں تھیں جس کے تعلقات بھارتی بکیوں کے ساتھ ہیں ، اسے بھی پولیس نے ضمانت پر رہا کر رکھا ہے۔ ناصر جمشید نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے گرفتار ہونے والے پہلے شخص تھے جن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو اسپاٹ فکسنگ میں مدد فراہم کی، دوسرا گرفتار شخص یوسف انور نامی بی کیٹیگری کا کرکٹر ہے جو گریٹ مانچسٹر کے کئی کلبوں کی جانب سے کھیل چکا ہے، دونوں کو 13 فروری کو اسپاٹ فکسنگ کیس سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق 23 فروری کو شیفیلڈ سے تحویل میں لئے گئے شخص کا نام تاحال سامنے نہیں لایا گیا۔ لیکن یہ طے ہے کہ اس شخص کے بھارتی بکیوں کیساتھ براہ راست تعلقات تھے اور یہ ناصر جمشید کیساتھ رابطے میں تھا ۔ اس کا مقصد پی ایس ایل 2017ء میں شریک کھلاڑیوں کیساتھ روابط استوار کرنا تھے۔ یہ تیسرا مشتبہ شخص ناصر جمشید اور یوسف انور کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ حکام کی جانب سے قبضے میں لیے  جانے کے بعد گرفتار ہوا اور رپورٹ کے مطابق یہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات میں مرکزی کردار بھی ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے 3مشتبہ افراد کی شناخت اور ان کے کردار سے متعلق بات کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم اتنا ضرور کہا کہ جاری تحقیقات کا حصہ ہونے کے باعث ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود سے بھی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں جس کے نتیجے میں 3 کرکٹرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران پی سی بی کا سارا زور اسی بات پر ہے کہ ناصر جمشید مرکزی کردار ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ اس کیس میں پاکستان کو بھارتی ہاتھ کے ملوث ہونے کے بارے میں بتایا گیا ہے یا نہیں۔ دریں اثنا پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے کرکٹر شرجیل خان کو گواہ بنانے کی بورڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔وکیل شرجیل خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی تاخیری حربےاستعمال کررہا ہےجس سے ہمارے موقف کی تصدیق ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی درخواست مسترد ہونا ہمارے موقف کی فتح ہے اور ساتھ یہ ثابت ہوگیا کہ بورڈ کے پاس کوئی شواہد موجود نہیں ہے۔پی سی بی کے ٹربیونل نےعدالتی گواہ کےطور پر عاقب جاوید کو 6 جولائی کو طلب کرلیا ہے جبکہ شرجیل خان کیس کی آئندہ سماعت بھی اسی دن ہوگی۔

تازہ ترین