• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کی فتح ہمارے لیے باعث تقویت ہوگی، ثنا میر

لندن (جنگ نیوز ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹ ٹیم کی متاثر کن فتح سے خواتین پلیئرز کیلئے بھی باعث تقویت ہے۔ یہ کامیابی ہمارے لیے ورلڈ کپ میں باعث تحریک بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے میگا ایونٹ شروع ہونے سے قبل تمام ٹیموں کی کپتانوں کے ساتھ خصوصی تقریب کے بعد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے پہلا میچ ہارنے کے بعد جس طرح شاندار کم بیک کیا ہمیں اس پر فخر ہے۔ ہماری ویمنز ٹیم بھی اسی طرح کھیلنے کی کوشش کرےگی۔ وارم اپ میچز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ اس سے پلیئرز کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثنا نیوز ایجنسی کے مطابق ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی جیت کے خواب کو عملی شکل دینے کے لئے قومی ٹیم پوری جان لڑادے گی اورتمام کرکٹرز اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ورلڈ کپ میں ٹیم کا پہلا ٹارگٹ سیمی فائنل ہے۔ دنیا کی کوئی بھی ٹیم پاکستان ٹیم کو آسان نہیں لیتی اور انہیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ پاکستانی ویمن ٹیم کے خلاف میچ جیتنا آسان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائوتھ افریقا سمیت ہر ٹیم کے خلاف میچ کے لئے بھرپور تیاری کی ہے ۔ ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔ تمام ویمن کرکٹرز جیت کے لئے پرعزم ہیں۔دریں اثنا اسٹاف رپورٹر کے مطابق ثناء میر نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کو سخت چیلنج کا سامنا ہوگا پاکستان کا پہلا میچ ہی جنوبی افریقاکے ساتھ آسان نہیں ہے۔ قومی ٹیم نے جس طرح چیمپئنز ٹرافی میں کام یابی حاصل کی اور وطن واپسی پر جیسےکھلاڑیوں کا استقبال کیا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا خواتین کھلاڑیوں پر ورلڈ کپ کا دبائو ہے مگر ہم اس کے لئے اچھی تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ایونٹ میں اعصاب کو قابو میں رکھنا ہوتا ہے جس سے ہی دبائو میں بہتر پرفارمنس دینے میں مدد ملتی ہے ۔ پاکستانی خواتین ٹیم نے ابھی تک ورلڈ کپ کا سیمی فائنل نہیں کھیلا ہے اس میں رسائی ہمارے لئے اہم اور حیرت انگیز ہوگی، اس مر حلے میں پہنچنے کے لئے ہمیں کئی مشکل ٹیموں کو مات دینا ہوگی۔

تازہ ترین