• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ زدہ افغانستان میں کرکٹ ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے پرجشن

کابل (اے ایف پی) افغانستان میں کرکٹ کے مداح افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے پر خوشیاں منا رہے ہیں ۔ ایک ایسا ملک جہاں کھیلوں کابنیادی ڈھانچہ کمزو ر ہو وہاں یہ خبر ایک بڑی خوشی ہے ۔افغانستان اور آئر لینڈ دونوں کو ٹیسٹ اسٹیٹس مل گیا ہے ۔جمعرات کو لندن میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ جنرل اجلاس میں آئی سی سی بورڈ نے ٹیسٹ ممبر شپ دینے پر دستخط کیے جس کے ساتھ ہی یہ ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین عاطف مشعل کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی افغانستان کیلئے ایک خواب تھی اور ہم اس اسٹیٹس کیلئے تڑپ رہے تھے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مکمل رکنیت اور اسٹیٹس دیا گیا ہے ۔ میں اس خبر پر کرکٹ بورڈ اور پوری افغان قو م کو مبارکباد دیتا ہوں۔افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو شفیق ستانکزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان جیسی قوم کیلئے یہ ایک بہت بڑی اور قابل ذکر کامیابی ہے ۔جس پر پورے ملک میں جشن منایا جائیگا ۔ دوسری جانب کچھ ایسے بھی پرستار ہیں جو افغانستان میں بین الاقوامی میچز کے حوالے سے کمزور ڈھانچے اور سیکورٹی افسوس بھی کر رہے ہیں ۔ کابل کے رہائشی 24 سالہ محمد دائود کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس بین الاقوامی معیار کے کرکٹ گرائونڈ ز نہیں ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت شرمناک بات ہے کہ ہمیں ٹیسٹ اسٹیٹس تو مل گیا مگر میچ کھیلنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں تسلسل سے شاندار کارکردگی دکھانے پرآئی سی سی نے افغانستان اور آئرلینڈ کو فل ممبرز تسلیم کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ اسٹیٹس دے دیا ہے۔ 

تازہ ترین