کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں آئندہ ماہ ہونے والی تقریب کے مہمانوں میں فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی شامل کر لیا ہے۔ وہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں ناقص کار کردگی کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے اور انہوں نے مزید کوئی میچ نہیں کھیلا تھا۔ گذشتہ روز جاری کردہ فہرست میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔ وفاقی حکومت نےفاتح ٹیم کیلئے انعامی رقم کا توسیع شدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق 16کھلاڑیوں کو ایک، ایک کروڑ روپے انعام دیا جائےگا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، معاون کوچز گرانٹ لوڈن، اسٹیو رکسن ، گرانٹ فلاور اور اظہر محمود کو 50،50لاکھ روپے ملیں گے۔ انتظامیہ کے دیگر ارکان کو فی کس 25 لاکھ روپے دیے جائینگے۔ اس سلسلے میں خصوصیتقریب 5جولائی کو وزیر اعظم ہائوس میں ہوگی ۔