• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردرحم کے مستحق نہیں‘جلدانجام کو پہنچیں گے‘نوازشریف

Todays Print

اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کوئٹہ اورپارا چنار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ‘یہ عناصرکسی رحم کے مستحق نہیں ‘جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

جمعہ کو وزیراعظم میڈیا سیل کے ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات سے پوری قوت سے نمٹا جائے گا‘ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کو ان گھناؤنی کارروائیوں کے مرتکب عناصرکا سراغ لگانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی‘انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی علامت ہیں جو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں‘اس قسم کے عناصرکسی طور پر قابل رحم نہیں ہیں اور وہ دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف پوری قوم کے غیرمتزلزل اومتفقہ عزم کی بدولت جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

وزیراعظم نے حملوں میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ اس ناقابل تلافی نقصان پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

تازہ ترین