• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء فائونڈیشن غیر رجسٹرڈ تنظیم قرار،تمام سیاسی و سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد

Todays Print

  اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے شہداء فائونڈیشن آف پاکستان(لال مسجد)کو غیر رجسٹرڈ تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کی تمام سیاسی و سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے،اور سانحہ لال مسجد کے دس سال مکمل ہونے پر  شہداء فائونڈیشن کو شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ کی یاد میں لال مسجد میں تقریب منعقد کرنے کی اجازت دینے سےبھی  انکار کردیا.

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد نے صدر شہداء فائونڈیشن کو تحریراََ متنبہ کیا ہے کہ وہ لال مسجد میں کسی بھی قسم کی سرگرمی سے باز رہیں،وفاقی انتظامیہ نے  خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی سیاسی و سماجی سرگرمی کی صورت میں شہداء فائونڈیشن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی.

اے ڈی سی جی نے مذکورہ درخواست کی کاپی وفاقی وزیر داخلہ،چیف کمشنر اسلام آباد،اے آئی جی سپیشل برانچ اسلام آباد،ایس ایس پی آپریشنل اسلام آباد،اے سی سٹی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ارسال کی ہے، شہداء فائونڈیشن نے وفاقی انتظامیہ کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء فائونڈیشن باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہے،اس لئے  وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کو خاطر میں نہیں لائی گی،ترجمان نے کہا کہ ایک طرف شہداء فائونڈیشن پر قدغنیں لگائی جارہی ہیں جبکہ دوسری طرف ملک کی دیگر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اجازت ہے کہ وہ سیاسی و سماجی سرگرمیاں کریں، شہداء فائونڈیشن کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنا بالخصوص شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ کانفرنس کے انعقاد کو روکنا غیر آئینی و غیرقانونی ہے،، اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے شہداء فائونڈیشن کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس عید الفطر کے فوراََ بعد طلب کیا گیا ہے‘‘،۔۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت قائم ہونے سے قبل لال مسجد میں سانحہ لال مسجد کی برسی کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے،تاہم مسلم لیگ نواز کی حکومت قائم ہونے کے بعد لال مسجد میں کسی بھی قسم کی سرگرمی کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

تازہ ترین