• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بےنظیر بھٹو کے نظریات پر عمل کرکے دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے، پی پی رہنما

برمنگھم (نمائندہ جنگ) شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے نظریات و افطار پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف دشہت گردی سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں یہ ان کی سیاسی وسعت قلبی تھی کہ2008ء میں سوات میں پاکستانی پرچم لہرانے کی بات کی تھی جب کہ اس وقت سوات نو گو ایریا بنا ہوا تھا اور چشم فلک نے دیکھا کہ اس کے بعد سوات آپریشن سے لے کر آج ردِالفساد تک بینظیر بھٹو کے نظریہ پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے پی پی کے رہنمائوں، کارکنوں نے کیا۔ اس موقع پر نعروں تالیوں کی گونج میں کیک کاٹ کر سالگرہ منائی گئی۔ تقریب میں سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی الیاس چوہدری، چوہدری ماجد، جاوید الرحمٰن، سابق مشیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای، سابق مشیر چوہدری منظور حسین، پاکستان سے آئے ہوئے صوبائی پارلیمانی رہنما آصف محمود، سمیر آصف، سابق صدارتی مشیر واجد برکی، قیوم راجہ، چوہدری ارشاد عزیر، چوہدری عبدالمجید، چوہدری لیاقت، پرویز رٹوی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوٹلی الیاس چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو تیسری دنیا کی عظیم رہنما اور مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیرا عظم تھیں۔ اگر وہ زندہ ہوتیں تو پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا۔ پی پی کے صوبائی امیدوار آصف محمود، سابق مشری سعید مغل، چوہدری منظور حسین، واجد برکی نے بینظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں عظیم رہنما قرار رہا اور کہا کہ وہ کارکنوں کا دل سے احترام کرتی تھیں۔ ان کے دور میں کارکنوں اور قیادت کے درمیان مضبوط رابطے تھے۔ قیوم راجہ، ارشاد عزیر، چوہدری مجید اور دیگر نے بینظیر بھٹو کی قائدان صلاحیتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی محسوس ہوتی رہے گی۔ قوم بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ وہ اپنی والدہ کے مشن کو پورا کرسکے۔

تازہ ترین