• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کے تحت صنعتی و تکنیکی تعاون کے متعدد منصوبوں پر کام جاری

اسلام آباد (جنگ نیوز) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت صنعتی و تکنیکی تعاون کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔سی پیک کے تحت پاکستان میں 55ارب ڈالر سے زائد مالیت کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جن میں سڑکوِں،بنیادی ڈھانچے اورتوانائی کے منصوبے شامل ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ صنعتی و تکنیکی تعاون کے متعدد منصوبوں پر بھی کام ہورہاہے۔ان منصوبوں میں ہائیر اینڈ روبا اقتصادی زون فیزٹو، راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبر کیل، ڈی ٹی ایم بی ڈیمانسٹریشن پراجیکٹ،لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین،اورپاکستان میں ٹی ڈی اور ایل ٹی ای کے کمرشلائزیشن کے منصوبے شامل ہیں۔ ہائیر اینڈ روبا اقتصادی زون کا ٹھیکہ ہائیر الیکٹریکل ایپلی کیشنز کارپوریشن (لمیٹڈ) کو ملاہے۔اس منصوبہ کے تحت مانگا منڈی میں 1.03مربع کلومیٹر کے علاقے میں میں اقتصادی زون بنایا جارہاہے جس پر کام جاری ہے۔چینی فرم ہائیر اورپاکستانی فرم روبا آئندہ پانچ برسوں میں یہاں 250ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ اس منصوبہ کے تحت چینی ماہرین پاکستانی ہنر مندوں کو صنعتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں معاونت فراہم کریں گے۔ڈی ٹی ایم بی ڈیمانسٹریشن پراجیکٹ کے تحت ڈیجیٹل ٹیریسٹرئیل ملٹی میڈیا براڈکاسٹ کو فروغ دیا جائیگا، اس منصوبہ کیلئے دونوںممالک نے مفاہمت کے دستاویز پر دستخط کردئیے ہیں جس پر دو ملین ڈالر کی لاگت آئیگی۔سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان صنعتی و تکنیکی تعاون کے منصوبوں میں راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبرکیل کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے ۔ اس منصوبہ میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن(ایس سی او) اور چین کی ہواوے ٹیکنالوجی کمپنی لیمیٹڈ اہم کرداردا کررہی ہے،اس منصوبہ کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر لائن بچھائی جارہی ہے،اس اہم منصوبہ سے دونوں پڑوسی اوردوست ممالک کے درمیان سٹریٹجک لائن قائم ہونے کے ساتھ ساتھ دورافتادہ علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی فراہمی میں بلاشہ ایک انقلاب آئیگا۔

تازہ ترین