• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : عیدالفطر پر امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس ہائی الرٹ

سکھر( بیورو رپورٹ) عیدالفطر کے موقع پر سکھر سمیت گردونواح کے علاقوں میں امن وامان کی فضاء کو بحال رکھنے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ضلع بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ عید الفطر کے موقع پر شہباز رینجرز کے افسران اور جوان بھی امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے پولیس کے ساتھ موجود رہیں گے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور چھٹیوں پر گئے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔پولیس کی ایک ہزار سے زائد نفری جس میں پولیس کمانڈوز اور سادہ لباس پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے، مساجد،امام بارگاہوں، عید کے اجتماعات، مارکیٹوں، بازاروں، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹاپ سمیت پبلک مقامات پر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ امن وامان کی صورتحال کو مکمل طور پر بحال رکھنے کیلئے رینجرز کے افسران وجوان بھی پولیس کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ کی سربراہی میں سکھر ضلع کے تمام علاقوں میں عید الفطر کے موقع پر امن وامان کی فضاء کو بحال رکھنے کیلئے ماسٹر سیکورٹی پلان کے تحت انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ امام بارگاہوں، مساجد اور عید کے اجتماعات والے مقامات کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ پولیس کنٹرول ورم میں کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے عیدا لفطر کے دوران صورتحال کو مانیٹر کیا جائے گاجبکہ شہری علاقوں میں جرائم کی وارداتوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر عید الفطر کے موقع پر مسافروں کے سفر کو محفوظ بنانے ان کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے گشت میں اضافہ کرتے ہوئے مختلف مقامات پر عارضی چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں، شہر کے داخلی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں جو مشتبہ افراد اور مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کررہے ہیں، ایس ایس پی سکھر نے تمام تھانہ انچارجز اور پولیس افسران کو ہدایات دی ہیں کہ ضلع کے تمام علاقوں خاص طور پر عیدالفطر کے موقع پر ڈکیتی، لوٹ مار ، چوری سمیت جرائم کے دیگر وارداتوں کی روک تھام اور امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے جائیں ،اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔   انہوں نے کہا کہ عیدالفطرکے موقع پر سکھر میں میونسپل اسٹیڈیم ، ریلوے گراؤنڈ، جامع مسجد، امام بارگاہوں اور ان تمام مساجد اور میدانوں کے اطراف پولیس جوانوں کو تعینات کیا جائے گا جہاں نماز عید ادا کی جائے گی اور عید کے موقع پر کاروباری مراکز ، ریلوے اسٹیشن،بس اسٹاپ سمیت تمام پبلک مقامات پرپولیس کے جوانوں کو تعینات کیا جائے گا اورکلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور عید کے اجتماعات والے تمام مقامات پر ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکار بھی موجود ہوں گے۔ 

تازہ ترین