• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کا ورلڈ الیون کو ستمبر میں ٹی 20 میچز کیلئے پاکستان بھیجنے کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بھارے کو 180 رنز شکست نے نہ صرف پاکستان پر انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھول دئیے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں بھی رنگ لے آئیں ۔لندن میں آئی سی سی اجلاس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ ستمبرمیں لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔اہم بات یہ کہ ان میچوںکو بین الاقوامی اسٹیٹس حاصل ہوگا۔ تاہم میچز کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے سالانہ اجلاس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی 'بحالی کے لیے رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون بھیجنے کا اعلان کردیاہے۔اس سلسلے میں ای سی بی کے صدر جائیلز کلارک دنیا کے کھلاڑیوں سے بات چیت کررہے ہیں۔آئی سی سی بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب ایکقدم ہوگا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس سال پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون کے مقابلے لاہور میں منعقد کروانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ ہوں گے اور انھیں انٹرنیشنل میچ کا درجہ حاصل ہوگا۔میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ 'اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کردی جائیں گی۔خیال رہے کہ انگلینڈ میں اوول کےمیدان میں چمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر دونوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی امید ظاہر کی تھی۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ 'رواں سال ستمبر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز ورلڈ الیون کے ساتھ ہوں گے اور امید ہے کہ اس کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوجائے گی۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ 'مجھے امید ہے کہ اس کامیابی سے پاکستان کرکٹ ترقی کرے گی اور تمام کرکٹ کھیلنے والی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے اور قومی ٹیم کو اپنی ہوم سیریز بھی متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مقامات پرکھیلنا پڑی۔رواں سال لاہور میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب فائنل کے بعد آئی سی سی نے رواں سال ستمبر میں ’ورلڈ الیون‘ کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ میچز کے ذریعے آئی سی سی پاکستان میں سیکیورٹی کا مزید اندازہ لگائے گی جبکہ میچز کے بہترین انعقاد پر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ورلڈ الیون کی غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم دبئی میں 17 ستمبر کو تشکیل دی جائے گی، لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچز 22، 23، 28 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی کے اسی طرح کے انتظامات کیے جائیں گے جیسے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے کیے گئے تھے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے مقابلوں کے بارے میں مزید معلومات وقت کے ساتھ ساتھ جاری کی جائیں گی۔اس کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے کیے گئے اعلانات میں امریکہ میں کرکٹ کی نگران تنظیم یو ایس اے سی اے کی آئی سی سی سے رکنیت معطل کرنا بھی شامل تھا۔یو ایس اے سی اے کئی سالوں سے انتظامی مشکلات کا شکار رہی ہے اور ماضی میں اسے دو مرتبہ معطل بھی کیا جا چکا تھا۔ تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یو ایس اے سی اے کی معطلی سے امریکہ میں موجود کرکٹ ٹیموں پر اثر نہیں پڑے گا اور انھیں عبوری منتظم کی نگرانی میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے دی جائیں گی۔یاد رہے کہ حال ہی میں افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فل ممبرز کا درجہ دے دیا گیا ہے جس کے بعد اب یہ دونوں ممالک بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکیں گے۔

تازہ ترین