• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں وزیر اعظم ہائوس میں ہونیوالی تقریب ملتوی

کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پانچ جولائی کو وزیر اعظم ہاوس اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی ہے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔وزیر اعظم نواز شریف بر طانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنا چیک اپ کرائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور کئی کھلاڑیوں کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تقریب ملتوی کی گئی ہے۔تقریب میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو نقدا نعامات دیئے جائیں گے۔اس وقت محمد عامر کائونٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔شعیب ملک اور اظہر علی بھی بیرون ملک ہیں۔حسن علی نجی دورے پر ناروے جارہے ہیں۔دریں اثناء انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور کرکٹ کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کی تعریف کی گئی۔لندن میں آئی سی سی میٹنگ میں شہریار خان ڈائریکٹر کی حیثیت سے آخری بار شریک ہوئے اگست کے دوسرے ہفتے میں وہ اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ذرائع کے مطابق شہریار خان پی سی بی میں مزید کام نہیں کرنا چاہتے۔اگلے چند دن میں وہ لندن میں وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس ملاقات میں وہ وزیر اعظم سے با ضابطہ درخواست کریں گے کہ انہیں ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا جائے۔آئی سی سی اجلاس میں ششانک منوہر اور جائلز کلارک نے شہریار خان کی خدمات کو سراہا ۔اور کہا کہ آئی سی سی میٹنگز میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تازہ ترین