• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے توسیعی منصوبے کیلئے ٹینڈر نوٹس جاری

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزین و آرائش کے توسیعی منصوبے کے لئے ٹینڈر نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ملک کے دوسرے بڑے کرکٹ سینٹر کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے جلد تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔ایک محتاط اندازے کے مطابق اس بڑے منصوبے پرریکارڈ ایک ارب روپے کی خطیر لاگت آئے گی۔تعمیراتی کام چھ ماہ میں دسمبر تک مکمل ہوگااس منصوبے کے پہلے مرحلے میں نیشنل اسٹیڈیم کی پچز اور آئوٹ فیلڈ کی بہتری کے لئے کام شروع ہوگا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال کراچی میں پاکستان سپرلیگ کے میچ کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔پی سی بی چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے سات سے آٹھ میچ کرائے گا یہ میچ کراچی اور لاہور میں ہوں گے۔ 2009میں لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے سے ایک ہفتہ قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کا ٹیسٹ میچ ہوا تھا جس میں یونس خان نے ٹرپل سنچری بنائی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچوں کے اسکوائر کو کھود کر نئے سیزن سے قبل نئی پچز تیار کی جائیں گی۔پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیرکے لئے ٹینڈر نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ملک کا یہ مشہور کرکٹ سینٹر تعمیر مکمل ہونے کے بعد نئی شکل میں سامنے آئے گا۔انٹر نیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس وقت اسٹیڈیم کھنڈرکا منظر پیش کررہا ہے۔ 1955میں تعمیر ہونے والے نیشنل اسٹیڈیم کی اس سے پہلے1987اور 1996کے ورلڈ کپ کے موقع پر تزین و آرائش ہوچکی ہے۔اس گراونڈ نے چالیس ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کی ہے جس میں سے21ٹیسٹ پاکستان نے جیتے اورپاکستان کو انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میں شکست ہوئی ہے۔ابتدائی34ٹیسٹ میچوں میں2000تک پاکستانی ٹیم اس گرائونڈ پر نا قابل شکست تھی۔ذرائع کے مطابق نئے ڈیزائن کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے مرکز ی دروازے کو خوبصورت سے ڈیزائن کیا جائے گا۔اسٹیڈیم کی تمام چھتوں کو تبدیل کیا جارہا ہے۔جبکہ مختلف انکلوژر کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔ڈریسنگ روم اور پبلک ٹوائلٹس کو از سر نو بہتر بنایا جائے گا۔شہریار خان کا کہنا ہے کہ میرا تعلق کراچی سے ہے اور میں چاہتا ہوں کہ کراچی کے مین کرکٹ اسٹیڈیم کو شہر کے شایان شان بنایا جائے تاکہ گرائونڈ کی حالت انٹر نیشنل معیار کی ہو۔انہوں نے کہا کہ جب میں بورڈ سےجائوں گا تو بورڈ کے خزانے سے بڑی رقم اسٹیڈیم کی تزین و آرائش پر خرچ ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ارب روپے کے منصوبے میں چھتوں ،دیواروں اور فرش کو نئی شکل دی جائے گا۔تماشائیوں کے لئے اسٹیڈیم میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی تجویز ہے۔دس جولائی کو ٹینڈر کھولنے کے بعد کام شروع ہوجائے گا۔ 

تازہ ترین