• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی لیگ، پاکستان کو روایتی حریف بھارت سے 1-6 سے شکست

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ایک ہفتے میں دوسری بار بڑے مارجن کی شکست سے دوچار ہونے کے بعد اگلے سال ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں براہ راست رسائی سے محروم ہوگئی،قومی ٹیم کی ناقص کار کردگی پر ملک بھر میں کھیلون کے حلقوں نے سخت مایوسی اور افسوس کا اظہار کیا ہے،پاکستانی ٹیم آئندہ برس شیڈول ایف آئی ایچ ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں براہ راست جگہ بنانے میں ناکام رہی، گرین شرٹس ہفتے کو ورلڈ کپ کوالیفائنگ ہاکی راؤنڈ میں کلاسیفکیشن میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں چھ گولز سے شکست کے بعد ساتویں پوزیشن کے میچ میں اتوار کو چین کا مقابلہ کرےگی۔ لندن میںکھیلے جانے والے ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے کلاسیفکیشن میچ میں بھارت نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 6 گولز سے ہرا دیا، بھارت نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں 4 گولز کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھا دیا، دوسرے ہاف میں بھی روایتی حریف کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے مزید 2 گولز کئے جبکہ پاکستانی ٹیم صرف ایک گول کر سکی، بھارت نے پاکستان کو 6-1 گولز سے ہرا دیا، پاکستان کی جانب سے واحد گول اعجاز احمد نے کیا، شکست کے بعد گرین شرٹس نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کا آخری موقع بھی گنوا دیا، گرین شرٹس کو اب میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے ہر حال میں ایشیا کپ جیتنا ہو گا، ایشیا کپ میں بھی ناکامی کی صورت میں گرین شرٹس مسلسل دوسری بار میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے گی، بد قسمتی سے پاکستانی ٹیم 2014ءورلڈکپ میں بھی جگہ نہیں بنا سکی تھی۔ اسی روز ایک اور کلاسیفکیشن میچ میں کینیڈا نے چین کو 7-3 گولز سے مات دی، پاکستانی ٹیم ساتویں پوزیشن کیلئے میچ میں اب چین کا مقابلہ کرے گی جبکہ کینیڈا کو پانچویں پوزیشن کیلئے بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ بھارت نے ایک ہفتے سے بھی کم دن میں پاکستان کو دوسری بار اسی ایونٹ میں ناکامی سے دوچار کیا، گروپ میچ میں اس نے پاکستان کو سات گول سے ہرایا تھا۔ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے رامن دیپ اور مندیپ سنگھ نے دو، دو جبکہ تلوندر سنگھ نے اور ہرمن پریت سنگھ نے ایک، ایک گول بنائے۔ہفتے کو کھیلے گئے سیمی فائنلز میں اولمپک چیمپئن ارجنٹائن نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ ہالینڈ نے انگلینڈ کو دو، صفر سے ہراکر فائنل میں رسائی حاصل کر لی جو اتوار کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین