• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الاقوامی کرکٹ قوانین میں تبدیلی کی منظوری

لندن ( نیوز ایجنسیز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی کرکٹ میں نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق اب امپائرز فٹبال کی طرح میچ کےدوران جھگڑنے والے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیج سکیں گے جبکہ امپائر کے فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ریویو ضائع نہیں ہو گا۔آئی سی سی کی ورلڈ گورننگ باڈی کا سالانہ جنرل اجلاس انگلینڈ کے شہر لندن میں ہوا جہاں متعارف کرائے گئے نئے قوانین کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔نئے قوانین میں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی ڈی آر ایس کے نفاذ کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ امپائرز کو یہ اختیار مل گیا ہے کہ وہ دوران میچ جھگڑنےوالے کھلاڑیوں کو میدان بدر کر سکیں گے تاہم دیگر واقعات پر موجودہ قوانین کے تحت ہی سزا دی جائے گی۔ٹیموں کےحق میں نئے قوانین میں جگہ رکھی گئی ہے جس کے تحت ایمپائر کی کال پر ایل بی ڈبلیو ریویو ضائع نہیں ہو گا۔ٹی ٹوئنٹی سمیت تمام بین الاقوامی میچوں میں ڈی آر ایس کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں 80 اوورز کے بعد نئے ریویو ملنا بند ہو جائیں گے۔آئی سی سی نے بیٹ اور گیند کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بیٹ کے سائز کی حد مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔کرکٹ کے ترمیم شدہ قوانین میں رن آؤٹ کاقانون بھی شامل ہے اور اب بیٹسمین کی جانب سے ایک بار کریز کے پار بلا رکھنے یا جسم کا کوئی بھی حصہ پہنچنے کے بعد رن مکمل تصور کیا جائے گا۔خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی کے لیے تجاویز آئی سی سی کو پیش کی گئی تھیں۔آئی سی سی کی جانب سے منظوری کے بعد اب ان نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔

تازہ ترین