• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے کرپشن کے خاتمے کیلئے قربانیاں دیں، غلام ربانی

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے کوآرڈینیٹر غلام ربانی بابو بھائی نے کہا ہے کہ پی ٹی آيی نے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کے لیے جو قربانیاں دیں اور عوامی بنیادی سہولیات کے لیے جو کاوشیں سرانجام دے رہے ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔ پورے پاکستان میں میرے قائد عمران خان جیسی جرأت اور ہمت کسی بھی سیاسی پارٹی کے قائد میں آج تک نظر نہیں آئی، جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی فتح کے لیے ارباب اختیار کے ساتھ ٹکر لی ہو بلکہ دیگر سیاسی پارٹیوں کے حکمرانوں کی کرپشن کے عوض اپنی تجوریاں بھرنے اور اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دینے کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔ پاکستان کے غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس گئے ہیں۔ ملک لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور دیگر بحرانوں میں جھکڑا ہوا کرپٹ سیاسی قیادت کے رحم و کرم پر ہے۔ غلام ربانی بابو بھائی نے کہا کہ پوری قومJITکے شفاف فیصلے کا انتظار کررہی ہے، تاکہ آئندہ ملک کی باگ دوڑ اہل اور ایماندار ہاتھوں کو سونپی جائے جو پاکستان کی نوح کو صحیح سمت لے کر چلے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان اگر اپنی بے گناہی ثابت نہ کرسکے تو اسمبلیاں تحلیل ہونے کی توقع ہے۔ اگر اسمبلیاں ٹوٹ جائیں اور میاں نوازشریف کو سزا ہوجائے یا وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں تو یہ عوام اور جمہوریت کی جیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہPTIنے ہمیشہ ہی ملک کے مفاد کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے۔ PTIبلجیم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ اس بات کی دلیل ہے کہ عوام اب ان حکمرانوں کی کرپشن سے عاجز آچکے ہیں اور وہ ملک میں مثبت تبدیلی کے خواہاں ہیں، جوکہ صرف پاکستان تحریک انصاف کی بدولت ممکن ہے۔

تازہ ترین