پاراچنارکوئٹہ،کراچی(ایجنسیاں،مانیٹرنگ سیل) پاراچنار کے طوری بازار میںبم دھماکوں میں زخمی ہونے والے مزید 22افراددم توڑ گئے ، جس کے بعد شہدا کی تعداد67تک پہنچ گئی ہےجن میں سے 60کی تدفین کردی گئی ہے ‘ادھر کوئٹہ دھماکے کے مزیدچارزخمی بھی خالق حقیقی سے جاملے ہیں جس کے بعد شہداءکی تعداد بڑھ کر 17ہوگئی ہے۔
پاراچناراسپتال کے ایم ایس کا کہناہے کہ اسپتال میں 50لاشیں اور250زخمی لائے گئے تھے جس میں سے 62شدیدزخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا ہے ‘پارا چنار کی فضاء دوسرے روز بھی سوگوار رہی،مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر یوم سوگ منایا گیا جس کے باعث پاراچنار میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی‘پاراچنار کے تمام تعلیمی اور کاروباری ادارے احتجاجا بندرہے ۔
واقعہ کی ذمہ داری لشکرجھنگوی العالمی نے قبول کرلی ہے‘پاراچنارمیں ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار بصیر خان وزیر کے مطابق دونوں دھماکے خودکش حملہ آوروں نے کئے تھے ۔دوسری طرف کوئٹہ خود کش حملے کے مزیدچار زخمی خالق حقیقی سے جاملے جس سے شہداء کی تعداد17 ہوگئی ۔
کوئٹہ دھماکہ میں شہید پولیس اہلکار عبد الغنی صبرانی کوسبی میں ان کے آبائی قبرستان گائوں خجک میں سپرد خاک کردیا گیا ، ادھر کراچی کے علاقے سائٹ تھانہ کی حدود میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید چاروں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کردی گئی ہے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ پولیس افسران اور جوانوں کے عزائم کو ہرگز پست نہیں کیا جاسکتا اور اگر دہشت گرد سمجھتے ہیں کہ بزدلانہ حملوں سے پولیس پیچھے ہٹ جائیگی تو یہ انکی بھول ہے۔
پولیس کا ہر افسر اور جوان دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈھال بن کر انکے مذموم مقاصد اورعزائم کو خاک میں ملانے کے لیئے ہمہ وقت الرٹ اور تیار ہے۔