• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاورمیں آپریشن‘3دہشتگرد‘2اشتہاری ہلاک‘بم بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی

پشاور(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)ملک بھرمیں  آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ‘پشاور میں فورسز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں‘3دہشت گرد‘2اشتہاری ہلاک‘ ایک اے ایس آئی شہیداورایس ایچ اوسمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے ‘بم اور خودکش جیکٹس بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی‘ بلوچستان میں کالعدم تنظیم کے تین کیمپ تباہ ‘طالبان کے اہم کارندے کو حراست میں لے لیاگیا‘پنجاب کے علاقوں گوجرہ، جڑانوالہ‘فیصل آباد اورصحبت پور میںسرچ آپریشن‘20مشتبہ افرادگرفتارکو گرفتارکرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب سحری سے قبل تھانہ چمکنی کی حدود شاہ پور کے علاقے میں ایک خالی فلور مل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن شروع کیا جس کے دوران پولیس اور فلور ملزمیں موجود دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔فائرنگ کے تبادلہ میں3شدت پسند ہلاک جبکہ ایس ایچ او تھانہ گلبہارعمر آفریدی‘انسداد دہشت گردی اسکوا ڈ کے انسپکٹر ضیاءاللہ اورکانسٹیبل ارشد زخمی ہوگئے‘ فائرنگ کا تبادلہ6 گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ آپریشن کے اختتام پر پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ نے فلور مل سے سرچنگ کے دوران 6دستی بم، 600ڈیوٹونیٹرز، 7ایس ایم جیز، 4کلا شنکوف، 4پستول اور دیگر سامان برآمد کرکے دستی بموں کو ناکارہ بنا دیا۔آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین خان محسود کے مطابق ہلاک شدت پسندوں میں اہم کمانڈر بھی شامل ہے، شدت پسندوں کا تعلق منظم نیٹ ورک سے تھا۔سی سی پی او پشاور طاہر خان کے مطابق فلور مل میں آئی ای ڈیز بنائی جارہی تھیں اور یہاں پر خودکش جیکٹس بھی بنائی جارہی تھیں۔ ادھر پنجاب کے علاقوں گوجرہ، جڑانوالہ اورفیصل آباد کے نواح میں پاکستان رینجرزپنجاب نے سی ٹی ڈی، پولیس اورانٹیلی جنس ایجنسیوں نے مشترکہ سرچ آپریشنز کئے، ان کارروائیوں میں 12مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ادھر صحبت پورمیںپولیس اور سکیورٹی فورسز نے ایک گاؤں پر چھاپہ مار کر 8مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا۔ دوسری جانب پشاورمیں چارسدہ کے علاقہ مندنی میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان میں اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا ، مکان میں موجود اشتہاریوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی  جس کے نتیجے میں اے ایس آئی خان ولی شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں2اشتہاری ہلاک اور ان کے دیگرساتھی فرار ہو گئے ۔ دریں اثنا  ا ے ایس آئی خان ولی کی نما ز جنازہ پولیس لائن چارسدہ میں ادا کی گئی۔علاوہ ازیںسیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئرکور بلوچستان اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے پشین کے علاقے حرمزئی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گرد کو گرفتارکرلیاہے جو سنگین نوعیت کے وارداتوں میں ملوث ہیں ،اسی طرح ڈیرہ بگٹی اور کاہان مین سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے تین ٹھکانوں کو تباہ کرکے 2عدد دیسی ساختہ آئی ای ڈیز برآمدکرکے ناکارہ بنادیاگیاہے ۔

تازہ ترین