• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظریہ پاکستان کا احتساب ہورہا ہےسوالات باہر سے آرہے تھے، کیپٹن صفدر، جے آئی ٹی کی 5 گھنٹے پوچھ گچھ

کراچی (نیوز ایجنسیز) وزیر اعظم نواز شریف کے داماد مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر گزشتہ روز پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی ) میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا ء کی سربراہی میں جے آئی ٹی نے کیپٹن صفدر سے پانچ گھنٹے پوچھ گچھ کی۔ کیپٹن صفدر کی جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے جوڈیشل اکیڈمی آمد پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جے آئی ٹی میں پوچھ گچھ کے بعد جوڈیشل اکیڈمی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن صفدر نے کہا کہ ساری رات قصہ سناتے رہے اور صبح پوچھا کہ زلیخا لڑکی تھی یا لڑکا، اخلاقی طورپر سمجھتا ہوں کہ مجھے بات افشا نہیں کرنی چاہیے، میرے ساتھ جے آئی ٹی کا رویہ بڑا اچھا رہا، افسران مجھ سے جونیئر تھے، سوال باہر سے آرہے تھے، میں نواز شریف کا داماد ہونے کے باوجود اپنے دس مرلے کے گھر کو ہی اپنا مانتا ہوں، یہ کیس مجاہد اور محسن پاکستان نوازشریف کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوازشریف نہیں، نظریہ پاکستان کا احتساب ہے، سرے محل اور کارگل پر کچھ نہیں پوچھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم  73کے مقدس آئین کی حفاظت کیلئے کھڑے ہیں، قاعدے قانون کے بڑے پابند ہیں، پاناما کیس اس نواز شریف کے خلاف ہے جس نے پاکستان کو ایٹمی پاکستان بنایا، یہ کیس اس نواز شریف کے خلاف ہے جو پاکستان کو اندھیروں سے نکالنا چاہتا ہے، یہ سارا کام عمران خان کے ہاتھ میں ہنود ویہود نے دےرکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام 2018ء میں نوازشریف کو ایک بار پھر طاقت دیں گے، عمران خان خود کو پاکستان کے خلاف سازشوں سے دور کرو، اپنا رویہ بدلو ورنہ قوم تاریخ میں انہیں اچھے الفاظ میں یاد نہیں کرے گی۔کیپٹن صفدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ اپنے والد کا خالص خون آج نوازشریف کے قدموں میں نچھاور کر رہا ہوں،منی ٹریل اور دستاویزات دونوں دوں گا۔

تازہ ترین