• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی سے کئی بے ہوش ،لوڈ شیڈنگ‘ٹرپنگ میں اضافہ‘شہری پریشان

ملتان ( سٹاف رپورٹر ،نمائندگان)جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید گرمی سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ اور ٹرپنگ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے تفصیل کے مطابق چشتیاں میں قیامت خیز گرمی اور لو لگنے کے باعث کئی مرد ، خواتین اور بچے بے ہوش اور بے حال ہو کر ہسپتال پہنچے جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ۔ بدھلہ سنت اور اسکے گردونواح میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ ہونے،لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا ہے شہریوں جن میں ناصر محمود ،دلبر حسین ،محمد ارشد،محمد اکبر،چوہدری شریف،محمد ابوبکر،آصف امین ،نعیم دلشاد،احسن علی،اکرام الحق،احسان عابد و دیگر نے چیف ایگزیکٹو ملتان سے نوٹس لیتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے ،بار بار ٹرپنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،دریں اثنامحکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آج سے آسمان پر بادل رہیں گے لیکن بارش کے امکانات نہیں ہیں ، عید کے روز چنر مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ گرد آلود ہوائیں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں چلتی رہیں گی ، یہ ہوائیں 6 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں ، آندھی آنے کی صورت میں ہوا کی رفتار بڑھ جائے گی ۔ عید کے دنوں میں ملتان میں درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے ۔ علاوہ ازیں ۔ مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سسٹم ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے علاقوں میں 28 جون سے داخل ہو گا ، 29 اور 30 جون کو زبردست بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔
تازہ ترین