• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں حوصلے پست نہیں کر سکتیں،ایڈمرل ذکاء اللہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ساحلی علاقوں جیونی، پسنی،گوادر اوراورماڑہ میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کے ہمراہ ایک دن گذارا۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے جیونی میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نیو ل چیف نے وطن عزیز کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے حوالے سے ان کے پیشہ ورانہ کردار اور جذبے کو سراہا۔ پاک بحریہ کی گاڑی پر حملے کے حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے ۔بعد ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف گوادر پہنچے جہاں انہوں نے گوادر پورٹ اور دیگر نیول یونٹس میں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کی۔ اس موقع پر نیول چیف نے افسروں اور سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم و حوصلے کی تعریف کی اور بندرگاہ کے حفاظتی امور اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ دن کے اختتام پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جناح نیول بیس اورماڑہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوانوں کی آپریشنل تیاری کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ۔بعد ازاں نیول چیف نے پی این ایس محافظ کا دورہ کیا اورسمندر میں پی این ایس شمشیرپر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

تازہ ترین