• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف واقعات و حادثات میں9 افراد ہلاک، 25 زخمی، بسٹان نہر سے سیلز مین کی لاش برآمد

خیر پور+عمرکوٹ+شہداد پور(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران ) مختلف واقعات و حادثات میں 9؍افراد ہلاک اور 25؍زخمی ہوگئے جبکہ بسٹان نہر سے سیلز مین کی لاش برآمد ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق خیرپورفیض گنج کے قریب گوٹھ ستہ میں خاصخیلی برادری کے دو گر وپوں کے درمیان تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں دونوں گر وپوں کے 10افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سینگار علی ،سموں خان،کاشف ،حسین علی ،نوید احمد ،مور علی اختر علی ،غلام مرتضیٰ ،روشن علی اور حسن علی شامل ہیں زخمیوں کو تعلقہ اسپتال فیض گنج میں داخل کر دیا گیا۔ عمرکوٹ سامارو میں گٹکے کے سیلز مین سنیل کمار میگھواڑ کی لاش دو روز بعد کنری کے قریب بسٹان نہر سے نکالی گئی ہے جس پر تشدد کے گہرے نشان تھے ۔ سنیل کمار کے والد وشنو مل میگھواڑ اور ان کے بھائی انیل نے بتایا کہ ظالموں نے سنیل کو اغوا کرنے کے بعد  قتل کرکے لاش نہر میں پھینکی ہے۔اقلیتی صوبائی خصوصی معاون ڈاکٹر کھٹو مل جیون اور سندھ کے صوبائی وزیر سردار علی شاہ نے سنیل کمار کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کے لئے کہا ہے۔ شہداد پورگوٹھ ابراہیم جھکرو کے رہائشی نوجوان نظیر احمد جھکرو کو کھیت میں کام کرتے ہوئے سانپ نے ڈس لیا جسے فوری طور پر اسپتال لایا گیا لیکن طبی امداد ملنے سے قبل جسم میں زہر پھیل جانے کے سبب تڑپ تڑپ کر چل بسا۔ روہڑی علی واہن بکرا پیڑی کے مقام قومی شاہراہ پر موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے مخالف سمت سے آنے والی ایک کار  پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار الہی بخش مہر مو قع پر ہلاک جبکہ اسکا والد ہادی بخش مہر شدید زخمی ہوگیا پولیس نے لاش اور زخمی کو تعلقہ ہسپتال روہڑی پہنچایا۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ میرپورخاص عمرکوٹ بائی پاس پر تیز رفتارکا اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں کار سوار محمد ہاشم آریسر موقع پر ہی ہلاک اور آٹھ افراد شدیدزخمی ہوگئے۔،زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال میرپورخاص پہنچا دیا گیا،جہا ں  علاج کی مناسب سہولتیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے انہیں حیدرآباد روانہ کردیا گیا۔دریں اثناء میرپورخاص کے تعلقہ سندھڑی میں پھلاڑیوں کے قریب  ملزم طالب شر نے مبینہ طور پر بندوق سے فائرنگ کر کے اپنی 30سالہ بیوی شہزادی کو قتل کردیا،واقعہ کی وجہ معلوم  نہیں ہوسکی ہے۔ ڈگری ٹنڈو باگو روڈ پر کانگڑی موری کے قریب دو موٹر سائیکل آمنے سامنے ٹکرانے سے 25 سالہ وکی ولد ابراہیم جروار اور 50 سالہ غلام حسین جروار شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر تعلقہ ہسپتال ڈگری پہنچایا گیا ۔جبکی دوسری طرف ڈگری میرپورخاص روڈ پر موٹر سائیکل سلپ ہونے کے نتیجے میں غلام رسول ولد جان محمد آرائیں زخمی ہوگیا ۔جسے فوری طور پر تعلقہ اسپتال ڈگری پہنچایا گیا۔ علاوہ ازین ڈگری کے قریب بجلی کے کھمبے سے زمین پر گرنے والی تار سے کرنٹ لگنے سے 6 سالہ معصوم بچہ جھلس کر زخمی۔ خیرپورناتھن شاہ گاؤں اگھا مانی میں گھر کے اندربجلی کے بورڈ میں پنکھے  کا مبینہ تار لگانے کے دوران اچانک کرنٹ لگنے سے 38 سالہ خاتون شمشاد لاکھیر ہلاک ہوگئی۔دریں اثناء گاؤں مٹھو گوپانگ  میں گھر کے اندر پانی  کیلئے نصب بجلی کی موٹر سے اچانک کرنٹ لگنے کے نتیجے میں آٹھ سالہ کمسن لڑکی ارم بنت ضمیر گوپانگ ہلاک ہوگئی۔علاوہ ازیں گاؤں دلبر گوپانگ میں چارسالہ کمسن لڑکی نائلہ بنت جانی گوپانگ ٹریکٹر سے گر کچل کرہلاک ہوگئی۔پھلجی ولیج پولیس اسٹیشن کا ہیڈ کنسٹیبل عبدالغفور پنہور پولیس موبائل میں گشت کرنے کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے بیہوش ہوگیا اور ضلعی سول اسپتال لے جاتے ہوئے راستہ میں چل بسا۔

تازہ ترین