• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی الیکشن کے روز حر جماعت اور فنکشنل لیگ کے 11افراد قتل کئے گئے

خیرپور(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر پیر صدر الدین شاہ راشدی کے بیٹے پیر اسماعیل شاہ راشدی نے کہاہے کہ بلدیاتی الیکشن کے روز حر جماعت اور فنکشنل لیگ کے 11افراد قتل کئے گئے ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ پیپلزپارٹی کی زیادتیوں کے خلاف جلد دمادم مست قلندر کریں گے وہ حیدر ہاؤس خیرپو رمیں فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی اور پارٹی کے ضلعی صدر سید محرم علی شاہ لکیاری اور جنرل سیکریٹری سید عقیل حیدر شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پیر اسماعیل شاہ راشدی نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی نے 9برس تک فنکشنل لیگ کے کارکنوں اور حر جماعت کو نشانہ بنایاہے سانگھڑ خیرپور عمر کوٹ ،بدین اور سندھ کے دیگرعلاقوں میں مسلم لیگ فنکشنل کے سیکڑوں افراد کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے قو می اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو بھی نہیں بخشا گیا۔ پیر اسماعیل شاہ راشدی نے الزام لگایا کہ بلدیاتی الیکشن کےروز درازہ شریف میں میرے قافلے پر برسٹ چلا کر فنکشنل لیگ اور حر جماعت کے 11افراد کو موت کی نیند سلایا گیا ہم نے اس کا انصاف مانگا لیکن پیپلزپارٹی کی حکومت نے انصاف دینے کی بجائے سندھ بھر میں فنکشنل لیگ کے سیکڑوں کارکنوں و رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آنے والا ہے ہم تمام زیادتیوں کا حساب کتاب چکائیں گے حساب کتاب لینے کے لیے ہم جلد دمادم مست قلندر کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایاکہ پیپلزپارٹی والے ملک کے خلاف سازشوں میں سرگرم ہیں ان کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی بنیاد کرپشن پر قائم ہے پیپلزپارٹی والوں نے سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کی ہے وہ احتساب سے نہیں بچ سکیں گےآنے والے عام انتخابات میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے۔ حکومت بنائیں گے اور پیپلزپارٹی سے پائی پائی کاحساب کتاب لیں گے۔دریں اثناء پیر اسماعیل شاہ اور دیگر نے مخدوم عقیل حیدر شاہ کی افطارڈنر میں شرکت کی افطار ڈنر میں فنکشنل لیگ کے سیکڑوں افراد شریک ہوئے ۔

تازہ ترین