• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ احمد پور شرقیہ نے عید کی خوشیاں گہنا دی ہیں ، عمران خان

Todays Print

اسلام آباد (جنگ نیوز / نیوز ایجنسیز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ احمد پور شرقیہ نے عید کی خوشیاں گہنا دی ہیں اور پارا چنار، کوئٹہ، کراچی سمیت ملک بھر میں بہتے خون سے بھی عید کے رنگ مانند پڑگئے جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو اتناجانی نقصان نہ ہوتا، واقعہ لاہور میںہوتا تو پوری انتظامیہ پہنچی ہوتی ۔

تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اللہ رب العزت تمام مسلما نو ں کی رمضان المبارک کی عبادات کو شرف قبولیت بخشیں، بھارتی جبر کےخلاف سینہ سپر بہادر کشمیری آذادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں، پاراچنار، کوئٹہ، کراچی سمیت ملک بھر میں بہتے خون سے عید کے رنگ مانند پڑگئے، احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والےسانحے نے عید کی خوشیاں گہنا دی ہیں، ماہ مقدس میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہوں، دعا ہے شوال کا چاند پاکستان کیلئے امن، سلامتی اور خوشحالی کی نوید لےکر طلوع ہو، قوم کو کرپشن اور ظلم کے نظام سے چھٹکارا ملے، پاکستان عروج و ترقی سے ہمکنار ہو، یہی حالات رہے تو نواز اور زرداری پی ٹی آئی کےٹکٹ کیلئے درخواست دے رہے ہونگے،پی پی پی کےرہنما رسیاں تڑوا کےپی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں، زرداری نے اپنے رہنماؤں کو روکنے کیلئے ان کے گرد باڑ لگارکھی ہے، پی ٹی آئی بڑی تیزی سے ن لیگ اور پی پی پی کی وکٹیں گرا رہی ہے۔

علاوہ ازیں احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثہ کی جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حادثے کے ڈیڑھ گھنٹے تک انتظامیہ نہ پہنچ سکی، بہاولپور جیسے بڑے اسپتال میں برن یونٹ نہیں ہے، حکمران جنوبی پنجاب سے لا تعلق ہیں، شہباز شریف اب تک کیوں نہیں پہنچ سکے، حکومت کی ترجیح میٹرو بنانا ہے، تعلیم اور صحت نہیں، اگر واقعہ لاہور میں ہوتا تو پوری انتظامیہ وہاں پہنچی ہوتی۔

ادھر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو خون میں لت پت چھوڑ کر وزیراعظم کا چھٹیوں پر لندن جانا ان کی ترجیحات کا اظہار ہے۔داخلی سکیورٹی کی بدترین صورتحال کے باعث درجنوں پاکستانی موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے‘ وزیراعظم کا لندن جاکر عید منانا اس بات کا اظہار ہے کہ انہیں کرپشن کے علاوہ پاکستان کے کسی بھی معاملے میں دلچسپی نہیں۔

تازہ ترین