• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ویسٹ انڈین مساجر کی بھی قسمت کھل گئی

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم میں ایک ایسے غیر ملکی ٹیم آفیشل کو بھی وزیر اعظم کی جانب سے پچاس لاکھ روپےکا انعام مل گیا جو باضابطہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے ۔ ویسٹ انڈیز کے ملک گیاناسے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ڈیو البرٹوپاکستان کی آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔چیمپئنزٹرافی سے قبل جب ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچی تو گیانا میں مقامی مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹوکو ڈیلی الائونس پر پاکستان ٹیم کے ساتھ رکھا گیا۔ ماضی میں پاکستانی مساجرز کی جانب سے سفارشوں کی وجہ سے بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ ٹیم جس ملک میں جائےگی اس ملک کے مساجر کا تقرر کیا جا ئے گا۔ گیانا میں منیجر طلعت علی نے ڈونلڈ ڈیو البرٹوکا تقرر کیا۔ ڈونلڈ ڈیو البرٹونے اپنے کام سے متاثر کیا تو ٹیم انتظامیہ نے ان کی خدمات چیمپئنز ٹرافی کے لئے بھی حاصل کیں۔ جب ٹیم نے ٹرافی جیتی تو ڈونلڈ ڈیو البرٹوبھی ٹیم کے ساتھ اوول گرائونڈ کا چکر لگاتے ہوئے نظر آئے۔ اب ان کی خدمات کا اعتراف کرکے انہیں پچاس لاکھ روپے کا انعام بھی دیا جارہا ہے۔ ڈونلڈ ڈیو البرٹوکے بارے میں ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ وہ سیاست سے دور رہتے ہیں اور اپنے کام پر توجہ دیتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل مقامی مساجرز سفارش کراتے رہے جس کی وجہ سے بورڈ نے ٹیم کے ساتھ پاکستانی مساجر کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ۔اور ڈونلڈ ڈیو البرٹو کی قسمت کھل گئی۔

تازہ ترین