• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائنل میں عامر کا کوہلی کو آئوٹ کرنا چیمپئنز ٹرافی کا بہترین لمحہ قرار

دبئی/ لندن (نیوز ایجنسیز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے محمد عامر کا ویرات کوہلی کو آئوٹ کرنا چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا بہترین لمحے قرار دیا ہے۔ آئی سی سی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد عامر کی اسی گیند کی ویڈیو پوسٹ کی ہے اور انہیں مبارک باد بھی دی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کونسل کے آفیشلز نے باہمی ووٹنگ سے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے بہترین لمحے کا انتخاب کیا۔ خیال رہے کہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 338 رنز بنائے تھے جبکہ ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی تھی جب محمد عامر نے روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کردیا تھا۔ محمد عامر اپنا دوسرا اوور کرنے آئے تو ان کے سامنے بھارتی کپتان ویرات کوہلی موجود تھے۔ عامر نے اس موقع پر شاندار گیند کی جو ویرات کوہلی کے بلے سے لگنے کے بعد سلپ پر اظہر علی کے پاس گئی لیکن انہوں نے کیچ گرادیا۔ اس موقع پر محمد عامر سمیت پاکستانی شائقین کو بھی شدید دھچکا لگا۔ تاہم محمد عامر کی اگلی گیند بھی کم مہلک نہیں تھی جو ویرات کوہلی کے بیٹ کا کنارہ لیتے ہوئے  پوائنٹ پوزیشن پر کھڑے شاداب خان کے ہاتھوں میں جا کر محفوظ ہوگئی ۔ یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ دریں محمد عامر نے کہا ہے کہ انگلش کائونٹی کلب کی ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، میرے خیال میں یہ میرے لئے ایک خوبصورت موسم گرما ہوگا، یہ میرا پہلا تجربہ ہے کہ میں کائونٹی کرکٹ کھیلنے جارہا ہوں جہاں اچھے لوگوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ میں پرامید ہو کہ میرا یہ سیزن اچھا گزرے گا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف اچھی بولنگ کرنے کی کوشش کروں گا۔ پروفیشنل کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے میرا فرض ہے کہ میں اچھا کھیل پیش کروں۔ اس کے ساتھ لوگوں کو اپنی اچھی کارکردگی سے خوشی فراہم کروں اور جتنا ہوسکے بہتر کھیل پیش کروں۔

تازہ ترین