• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر سرحدوں کے محافظ ہیروز کو بھی نہ بھولیں،سرفراز احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی چیمپئن ٹیم کےکپتان سرفراز احمد نے قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کردکھایا اور ٹورنامنٹ میں بھارت کو شرم ناک شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی اور پاکستانی قوم کو عید کا تحفہ دے دیا۔ سرفر از احمد کہتے ہیں کہ یہ کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔ گرائونڈ میں گیارہ کھلاڑیوں کے جذبے نے اس جیت کو ممکن بنایا جبکہ گرائونڈ سے باہر کروڑوں پاکستانیوں نے ہمارے لئے دعائیں کیں اور ہماری حوصلہ افزائی کی۔ عید کے موقع پر قوم کے لئے پیغام میں سرفراز احمد نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان کی سالمیت کے لئے دعائیں کریں اور ان ہیروز کو بھی فراموش نہ کریں جو سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں۔ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اس جیت نے میری عید کی خوشیوں کو دو بالا کردیا ہے۔ یہ عید میری زندگی کی خصوصی عید ہے جس نے پوری قوم میں ایک نیا جذبہ پیدا کیا۔ پاکستانی پوری دنیا سے مجھے عید کی مبارک با د دے رہے ہیں میرے لئے ہر ایک کو جواب دینا ممکن نہیں ہے لیکن میں جنگ اخبار کے توسط سے اپنے پرستاروں سے کہوں گا کہ وہ مستقبل میں بھی ہماری کامیابی کے لئے دعائیں کریں اور خوشی کے اس موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور غریب لوگوں کو فراموش نہ کریں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھیوں، سلیکٹرز اور بورڈ کے حکام اور خاص طور پر وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر باجوہکا شکر گذار ہوں جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہم نے ان سب کے مدد سے اس مشکل مشن کو ممکن بنایا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ شائقین اپنے رویے میں جذباتیت کم کریں کیوں کہ ایک ہار پر ٹیم کو گرانے اور کھلاڑیوں پر کردار کشی کی روش ترک کرنا ہوگی۔

تازہ ترین