• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو ٹی وی کی”دِل دِل رمضان “ نشریات کا کامیاب اختتام

کراچی (جنگ نیوز) رمضان المبارک کی خصوصی نشریات ”دِل دِل رمضان“ کا کامیاب اختتام ہوگیا۔ آخری روز بھی عوام الناس کی دلچسپی اور پسندیدگی بدستور قائم رہی۔ کامیاب نشریات کے 29 روز گھریلو مصروفیات اور عید کی خریداری کے مصروف لمحات کو نظر انداز کرکے لوگوں کی کثیر تعداد نے اپنے قیمتی لمحات نشریات میں گزارے۔ ”دِل دِل رمضان“ کی پوری ٹیم کی جانب سے ناظرین کو ایڈوانس میں عید کی مبارکباد پیش کی گئی۔ میزبانوں نے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں پر عوام سے معذرت کی اور شاندار رمضان کی نشریات سجانے پر اپنے تمام اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ ”جیونیوز“ کے مقبول نیوز اینکرز ”عبداللہ سلطان، ابصا کومل اور رابعہ انعم“ اس نشریات میں مہمان خصوصی تھے جنہیں ایل ای ڈیز کا تحفہ بھی دیا گیا۔ عید کی تیاریاں بھی اس نشریات میں نظر آئیں جہاں چھوٹے بچے چوڑیاں پہن رہے تھے تو کئی نوجوان لڑکیاں ایک دوسرے کو مہندیاں لگا رہی تھیں۔ تقریری مقابلے ”دِل سے کہہ دو“ میں بچوں نے مختلف موضوعات پر شعلہ بیانی کی۔ یہ مقابلہ فراز الحسن جہانگیری اور سیف اللہ کے درمیان برابر رہا اس کے بعد مشترکہ فیصلے اور سامعین نے تالیوں کی گونج میں فراز الحسن جہانگیری کو فاتح قرار دیا جنہیں کچن شیف اور اسمارٹ فون دیا گیا۔ ننھے قوالوں نے کلام پڑھا۔ بشریٰ انصاری نے بتایا کہ اب تک پڑھی جانے والی قوالیوں کے بول اور کمپوزیشن فاخر محمود نے کی ہیں۔ بچوں کے استاد اشفاق حسین بھی اِنہیں تیاری کراتے ہیں۔ ”کچن میں کیا ہے؟“ میں شیف ثمینہ جلیل اور شیف زبیر نے شیر خورمہ، شامی کباب، کچوری آلوکی ترکاری، سیخ کباب، دہی بڑے، پلاؤ اور لب شیریں بنائی۔ منی گیم شو ”جیو دِل سے“ میں نیوز اینکرز سے شفاعت علی نے مزیدار ٹنگ ٹوئسٹرز پوچھے۔ ”کمال فن“ میں آرٹسٹوں نے ”عید کا سماں“ کے موضوع پر اپنے فن پارے پیش کئے۔ سید احمد اور شیزہ علی کے مابین ہونے والے مقابلے میں سید احمد کی تصویر کو حاضرین نے پسند کیا جنہیں 25 ہزار کا جیولری سیٹ دیا گیا۔ قصص السلام کے سیگمنٹ ”جان کر جیو“ میں کم سن بچی ورقہ خالد نے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے قصہ بیان کرکے لوگوں کے قلوب کو تازہ دَم کیا۔ ”آؤ مدینے چلیں “ میں بذریعہ قرعہ اندازی ایک نوجوان کو عمرے کا ٹکٹ دیا گیا۔ روزہ کشائی سیگمنٹ ”میرا پہلا روزہ“ میں بچوں نے اپنے پہلے روزے کے حوالے سے عبداللہ سلطان اور بشریٰ انصاری سے معصومانہ گفتگو کی۔ تمام بچوں کو اُن کی حوصلہ افزائی کیلئے تحائف کے ساتھ سونے کے سکے بھی دیئے گئے۔ نشریات کے اختتام پر مفتی نعیم نے خصوصی دُعا بھی کرائی۔ سحری نشریات میں نعمان اعجاز نے مفتی اشفاق سے ملکر الوداع رمضان پر گفتگو کی۔ اس کے بعد بذریعہ قرعہ اندازی ایک فیملی کو عمرے کا ٹکٹ دیا گیا۔ ”و ایاک نستعین“ میں قاری نوید نے وظائف بیان کئے۔ ”عالم آن لائن“ میں مظفر حسین شاہ اور شہنشاہ حسین نقوی نے ”الوداع رمضان“ پر گفتگو کی۔ ناظرین اور حاضرین نے علماءسے سوالات پوچھے۔ تسلیم احمد صابری نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ فضائیں آخری سحری کو بھی حمد اور نعتوں سے گونجتی رہی۔

تازہ ترین