• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جائے وقوع پر دل دہلانے والی چیخ و پکار، لوگ پیاروں کو ڈھونڈتے رہے، احمد پور شرقیہ میں قیامت برپا

بہاولپور،احمد پور شرقیہ (نمائندہ جنگ)احمد پور شرقیہ میں قیامت برپا ہو گئی ، جائے وقوع پر ہر طرف انسانی ڈھانچے اور لاشیں پڑی دیکھ کر لواحقین دل ہلا دینے والی چیخ پکار کرتے رہے، آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے افراد مدد کے لئے پکارتے رہے۔ لیکن آہ پکار سننے والا کوئی نہ تھالوگ اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے رہے ، اپنے پیاروں کی تلاش میں بی وی ایچ کے باہربڑا ہجوم اکٹھا ہو گیا،ورثا کا کہنا ہے کہ نہیں معلوم متاثرین مردہ خانوں میں ہیں یا اسپتالوں میں،انھوں نے صحیح معلومات فراہم کرنیکی اپیل کی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر میں تقریبا50ہزار لیٹر کے قریب پٹرول موجود تھا، مقامی لوگوں نے پٹرول کو دیکھتے ہی ایک دوسرے کو فون کرنے کے ساتھ ساتھ نزدیکی بستی میں اعلان کیا گیا کہ پٹرول لے لو ۔ عوام دیکھتے ہی دیکھتے جائے وقوع پر پہنچ گئی ۔ کینوں اور بوتلوں میں پٹرول بھرنا شروع کردیا ۔ ہیڈراجکاں کے نواحی گاؤچک نمبر22/DNB133بستی لحاق، بستی غریب آباد کے کافی لوگ وہاں چلے گئے اور پٹرول بوتلوں میں بھر کر لے آئے ۔ اور گھروں میں پٹرول رکھ کر دوبارہ پٹرول لینے کیلئے گئے ۔ تو حادثے کا شکار ہوگئے اور مقامی لوگوں کے مطابق تقریبا300کے قریب افراد موجود تھے ۔ کہ اچانک پٹرول میں آگ لگنے سے زور دار دھماکا ہوا ۔ اور ہرطرف چیخ وپکار کی آوازیں آنا شروع ہو گئیں ۔ شعلے اتنے بلند تھے کہ دھواں آسمان کو چھورہا تھا ۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ 45 منٹس تک پٹرول زمین پر گرتا رہا اور پورے علاقے میں پھیل گیا ۔ تقریباً 200 سے 250 لوگ گھروں سے کولر اور کھانے پکانے والے برتن، ڈرم سمیت دیگر اشیاء اٹھا کر لے آئے ۔ایک اور عینی شاہد کے مطابق اچانک ایک شخص نے ماچس نکالی اور سگریٹ جلایا اور ماچس کی تیلی زمین پر پھینکی جس سے آگ بھڑک اٹھی میں اوروہ سگریٹ پینے والا شخص وہاں سے فرار ہو گئے ۔ تاہم اس ماچس کی تیلی نے تمام علاقے کو آگ کی لپیٹ میں لے لیا ۔ جس کے بعد خوفناک دھماکا ہوا اور سینکڑوں افراد اس واقعہ کی زد میں آ گئے۔

تازہ ترین