• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کا تہوار رواداری کی علامت ہے، صدر،وزیر اعظم

اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے عید الفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عید کا تہوار، رواداری ، برداشت ، امن و آشتی، ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کی علامت ہے،سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا خواب شر مندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ٗ پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں عام شہریوں سے لے کر سرکاری اہل کاروں تک، بے گناہ پاکستانی وحشت اور بربریت کا شکار ہوئے اس پر پوری قوم افسردہ ہے،اپنے جوانوں کی ان قربانیوں کو انشااللہ رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا،کشمیر میں اقوامِ متحدہ کوبنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔اتوار کوصدر مملکت نے عیدالفطر1438ھ2017ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہاکہ عید الفطرکے اس مسرت بھرے موقع پر میں عالم اسلام کو بالعموم اوراہل پاکستان کو بالخصوص دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بارگاہ باری تعالیٰ میں دست بہ دعا ہوں کہ یہ مبارک موقع وطنِ عزیز، اہلِ وطن اور عالم اسلام کے لیے خیروبرکت اور باہمی اتحاد کا باعث ہو۔ عید کا تہوار، رواداری ، برداشت ، امن و آشتی، ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کی علامت ہے۔ روزہ جہاں ہماری انفرادی روحانی تربیت کرتا ہے وہیںاجتماعی طور پر بھی ملت اسلامیہ کو ایک منظم وحدت میں پرو کر اس کے آفاقی اور عالمگیرپیغام کی تشہیرکا سبب بھی بنتا ہے۔ اس موقع پرہم اپنی مالی عبادات یعنی زکوٰۃ ، فطرہ اور دیگر صدقات حق داروں تک پہنچاکر انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کر سکتے ہیںیہی اسلام اور رمضان کی اصل تعلیمات ہیں جن پر عمل کر کے ہم معاشرتی ناہمواریوں کو کم کرکے زندگی کو جینے کے قابل بنا سکتے ہیں اور ایک خوشحال معاشرے کی تعمیر کر سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان مبارک ساعتوں میں رب کعبہ کے حضور دُعاگو ہوں کہ وہ وطنِ عزیز کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں ہمیشہ اپنی نعمتوں سے نوازتا رہے۔وزیر اعظم اسلامی محمد نواز شریف نے عید پر پیغام میں کہاکہ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر میں تمام اہلِ اسلام خصوصاً اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ عیدالفطر ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار ہے۔ یہ تمام عالمِ انسانیت کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام ہے۔ یہ دن اپنے اندر ہمدردی ، ایثار اور درد دِل سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا بھی دن ہے۔ عیدالفطرمسلمانوں کے لیے اجتماعی خوشی کا دِن ہے۔یہ ماہِ رمضان کاایک مبار ک دن تھا جب پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ رمضان المبارک ہمارے لیے تحریکِ آزادی کی خوشگوار یادوں سے منور ہوتا ہے۔اِس لیے عیدالفطر کا دِن پاکستان کی ملتِ اسلامیہ کے لیے بطورِ خاص مسرت کے احساس کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گل دستہ ہے۔ ہم سب مذہبی تہوار یکساں احترام کے ساتھ مناتے ہیں- جس طرح پاکستانی مسلم اپنے غیر مسلم بھائیوں اور بہنو ں کے مذہبی تہواروں میں شریک ہوتے ہیں، اسی طرح غیر مسلم پاکستانی بھی عید کے موقع پر مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔  مجھے امید ہے کہ آج کے دن بھی بھائی چارے کا یہ جذبہ ہر بستی اور محلے میں دکھائی دے گا۔موجودہ حکومت کی یہ مخلصانہ کوشش ہے کہ وطن عزیز کو ترقی، امن و سلامتی اور خوشحالی کا ایسا مثالی گہوارہ بنائے جہاں ہر فرد کو برابری کی بنیاد پرمعاشی ترقی کے مواقع دستیاب ہوں۔ لوگوں کے فن اور علم کی قدر ہو اور کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی نہ ہو۔ یہ سب تب ہی ممکن ہے جب پاکستان میں استحکام ہو۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا خواب شر مندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے۔ ہم نے ا ن عناصر کو ناکام بنانا ہے جو پاکستان کو مسلسل عدم استحکام اور فساد میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں سیاسی و مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فساد کی قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہے۔ جمعۃ الوداع کے مبارک دن، جس طرح بے گناہ اور معصوم شہریوں کو لہو میں نہلایا گیا، اس نے ہماری عید کی خوشیوں کو ماند کرد یا ہے ٗپارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں عام شہریوں سے لے کر سرکاری اہل کاروں تک، بے گناہ پاکستانی جس وحشت اور بربریت کا شکار ہوئے، اس پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ہم سب متاثرہ خاندانوں کے غم میں پوری طرح شریک ہیں اوران کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرتے ہیں۔

تازہ ترین