• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر کامیابی ممکن ہے، مفتی گل رحمٰن

برمنگھم (نمائندہ جنگ) قرآن کی آفاقی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر کامیابی ممکن ہے۔ رمضان اور قرآن کا آپس میں گہرا تعلق ہے، قرآن پاک واحد مقدس کتاب ہے جس کی دنیا میں سب سے زیادہ تلاوت کی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی اعظم برطانیہ مفتی گل رحمٰن قادری، بانی و مہتمم قادریہ ٹرسٹ پیر طیب الرحمٰن قادری نے سالانہ جشن نزول قرآن کی روح پرور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں کثیر تعداد میں آئمہ حضرات، حفاظ کرام سمیت کمیونٹی رہنمائوں اور نمازیوں نے شرکت کی، دریں اثناء جمعہ کے اجتماع میں نو منتخب ممبر آف پارلیمنٹ راجر گارڈسف نے کونسلر چوہدری عظیم، اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال، ملک فتح حسین اور دیگر کے ہمراہ جامعہ مسجد قادریہ کا دورہ کرکے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انکی کامیابی کیلئے کردار ادا کیا۔ راجر گارڈسف نے کہا کہ میں عبادت گاہوں کو سیاست میں نہیں لانا چاہتا۔ مگر چونکہ قادریہ ٹرسٹ میرے حلقہ انتخاب کا مرکز ہے اپنی کمیونٹی سے رابطہ کیلئے ضرور آتا ہوں، اپنی کمپین کا آغاز بھی یہاں سے کیا تھا اور اب شکریہ ادا کرنے کا آغاز بھی یہاں سے کررہا ہوں۔ مفتی گل رحمٰن قادری نے کہا کہ موجودہ گمبھیر حالات سے نکلنے کیلئے قرآن کی روشن تعلیمات سے مستفید ہونا ہوگا۔ جب تک امت مسلمہ کا قرآن و سنت سے لگائو اور ناتا جڑا ہوا تھا دنیا میں انکی حکمرانی کا ڈنکا بجتا تھا، تھوڑی سی غفلت کا شکار ہوئے تو مسائل کے گرداب میں پھنس کر رہ گئے۔ پیر محمد طیب الرحمٰن قادری نے کہا کہ اس سال بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملی کہ نوجوان نسل کی بڑی تعداد نے رمضان میں مساجد کا رخ کیا۔ قادریہ ٹرسٹ میں انگلش سکالرز نے ہر روز انگلش میں بھی درس قرآن دیا۔ کثیر تعداد میں نوجوان مستفید ہوئے یہ بڑی خوش آئند بات ہے۔ نوجوان ہی ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں،اعلیٰٰ تعلیم، بہترین تربیت یافتہ ہوں گے تو ہمارا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر جن حفاظ نے نماز تراویح میں ختم قرآن کیا پھولوں کے ہار ڈال کر انکی حوصلہ افزائی کی گئی۔ آخر میں امت مسلمہ کی سلامتی پاکستان و برطانیہ میں دہشت گردی سے نجات کیلئے دعائیں کی گئیں، پروگرام سحری تک جاری رہا۔

تازہ ترین