• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمال ہیتھ پارک میں عید کا بڑا اجتماع ، ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

برمنگھم(نمائندہ جنگ) مسلم کمیونٹی کے ایک لاکھ سے زائد افراد نے ایک ساتھ کھلے آسمان تلے نماز عیدا لفطر ادا کرکے اتحاد ویکجہتی کی لازوال مثال قائم کردی، کوئی انتہا پسند اور دہشت گرد ہمیں تقسیم نہیں کرسکتا۔ ہم برطانوی شہری ہیں یہاں پر ہونے والی ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں، تاریخ ساز عید کا اجتماع اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو اپنے اتحاد ویکجہتی سے ناکام منائیں گے۔ برمنگھم کثیر الثقافتی شہر ہے، یہاں پر ہر کمیونٹی کی ثقافت کا رنگ نمایاں ہے۔ اجتماع مذہبی، لسانی منافرت، اسلاموفوبیا کے خلاف شدید نفرت کااظہار کرتا ہے ان خیالات کااظہار شیخ ذکا اللہ پیش امام گرین لین مسجد، لیڈر آف دی برمنگھم سٹی کونسلر جان کلیزی، ہیومن اپیل کے سی ای او نے عیدالفطر کے تاریخ ساز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہر سال گرین لین مسجد اور دیگر مساجد باہمی مل کر سمال ہیتھ پارک میں ایک ساتھ نماز عید کا اہتمام کرتے ہیں، صبح فجر کے بعد ہی لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، نہ صرف برمنگھم بلکہ گرد نواح کے علاقوں سے بھی لوگ خاندانوں سمیت شریک ہوئے۔ مڈل ایسٹ، یورپین، ایشین ، صومالی کمیونٹی کے افراد نے عید کے اجتماع میں شرکت کی۔ برمنگھم سٹی کونسل سمیت فائر بریگیڈ، ایمبولینس، ویسٹ میڈلینڈ پولیس سمیت تمام سروسز نے کامیاب بنانے کے لئے کردارادا کیا جب کہ ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کی جاتی رہی، تاحد نگاہ عوام ہی عوام تھے، ہر گیٹ اور انٹری راستوں پر رضا کاروں کی ٹیم کام کررہی تھی جب کہ فارغ ہونے کے بعد کھانے کے فری سٹال لگے ہوئے تھے جب کہ شاپنگ کے لئے مختلف سٹال اور بچوں کے لئے فن فیئر لگے ہوئے تھے۔ یاد رہے گزشتہ برس کی نسبت زائد لوگوں نے شرکت کی، شیخ ذکا اللہ نے کہا کہ آج جتنی ضرورت بین المسالک ہم آہنگی کی ہے پہلے کبھی محسوس نہیں ہوئی، آج کا اجتماع اتحاد ویگانگت کا منہ بولتا ثبوت ہے انتہا پسندی اسلام فوبیا دہشت گردی کے خلاف مضبوط اتحاد کو آئندہ بھی قائم رکھتا ہے۔ مسلمان ماہ رمضان میں رب کے قرب کے لئے روزے رکھتے اور غریب ، نادار اور ضرورت مندوں کی مالی مدد بھی کرتے ہیں۔ شیخ ذکا اللہ نے کہا کہ اگر اسلام کی اصل روح کو دیکھنا ہے تو آخری آسمانی کتاب قرآن مجید اور سیرت طیبہ سے استفادہ حاصل کیاجاسکتا ہے، اسلام امن کا دین ہے ، ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ لیڈر آف دی سٹی کونسل کونسلرجان کلینری نے کہا کہ آج ہم شولڈر ٹو شولڈر رکھٹے ہوکر انتہا پسندوں کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ کوئی منفی قوت ہمیں تقسیم نہیں کرسکتی۔ ڈاکٹر عثمان ہیومن اپیل کے سی ای او نے کہا کہ ملکی وعالمی تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال کے پیش نظر جس اتحاد کی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی کوئی ہمیں تقسیم کرکے رہنے متقی مقاصد کی تکمیل نہیں کرسکتا۔ ہم پہلے بھی متحد تھے اور چشم فلک اس جم غفیر کو دیکھ کر اندازہ کرسکتا ہے کہ ہم آج بھی متحد ہیں۔ ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ برطانیہ میں آباد کمیونٹیز سالانہ لاکھوں پونڈ خیراتی اداروں کو دیتی ہیں جو دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے خرچ ہوتے ہیں۔ ہیومن اپیل کے رضاکاروں نے مسجد کمیٹی کیساتھ اتنے بڑے اجتماع کے انعقاد کے لئے کام کیا۔یاد رہے کہ تاحد نظر صفیں بچھا کر اہتمام کیا گیا تھا۔ پورے پارک میں پلاسٹک شیٹس بچھائے گئے تھے۔ لوگ اپنے ساتھ جائے نماز بھی لے کر آئے تھے۔ اجتماع میں ویسٹ میڈلینڈکے تمام ایریاز سے اور گردونواح کے علاقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔ ہلکی ہلکی بوندا باندی نے موسم مزید خوشگوار کردیا تھا۔ فیملیوں کے ہمراہ لوگوں نے انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ نماز عید کے بعد اجتماعی دعا میں شیخ ذکا اللہ نے ملکی سلامتی، امت مسلمہ کی کامیابی، برطانیہ سمیت دنیا بھر میں دہشت گردی کی مذمت اور متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اجتماعی دعا کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد دی، عیدالفطر رمضان کے بعد قدرت کی جانب سے بڑا تحفہ ہے، گھنٹوں کی مشقت کے بعد لوگ تھکے ہوئے ضرورتھے لیکن آنکھوں کی چمک سے خوشی کے آثار نمایاں تھے۔

تازہ ترین