• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان سمیع بولی وڈ فلم میں افغان موسیقار کا کردار ادا کرینگے

ممبئی( جنگ ڈیسک) موسیقی کے ذریعے بولی وڈ میں اپنا سکہ جمانےکے بعد عدنان سمیع اب اداکاری میں بھی بولی وڈ میں ڈیبیو کرنے والے ہیں،رادھیکا راؤ اور ونے ساپرو کی آئندہ فلم افغان - ان سرچ آف ہوم میں وہ افغانی موسیقار کا کردار ادا کریں گے۔افغانی روپ میں عدنان سمیع سر پگڑی باندھے نظر آئینگے۔فلم کی کہانی ایک ایسے افغانی موسیقار پناہ گزین کے بارے میں ہے جو اپنے آبائی ملک کے خراب حالات کی وجہ سے اپنی شناخت اور گھر کی تلاش میں ہجرت کرتا ہے۔ آخری بار عدنان سمیع فلم بجرنگی بھائی جان میں قوال کے روپ میں نظر آئے تھے،رپورٹس کے مطابق قوال کا کردار انہوں نے صرف سلمان خان کی خاطر ادا کیا تھا۔رادھیکا راو اور ونے ساپرو کی فلم افغان بھارت بھائی چارے کی نمائندگی کرتی ہے اور عدنان سمیع فلم کی شوٹنگ کیلئے بھارت اور افغانستان کا سفر کریں گے۔امید ہے کہ موسیقی کی طرح عدنان سمیع فن اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ یاد رہے کہ عدنان سمیع کا آباؤ اجداد کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔

تازہ ترین