• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارا چنار واقعہ کے خلاف پاکستان ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ

لندن (جنگ نیوز) پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے جسٹس فار پیس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شدید بارش کے باوجود لوگ شریک ہوئے۔ اس موقع پر مشرف حسین نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مختصر وقت میں اس احتجاج کا اہتمام کیا گیا لیکن اس کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ اس میں شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار کے عوام تنہا نہیں ہیں ان سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان بھر میں دھرنے دیئے جا رہے ہیں اور اگر وہاں کے عوام کو انصاف نہ ملا تو لندن میں بھی دھرنا دیا جائے گا اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شبیر حسین اور دیگر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے جس طرح احمد پور شرقیہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی اسی طرح وہ پارا چنار جاکر متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھیں وہ پورے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں صرف پنجاب کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ کرنا بھی قابل مذمت ہے۔ہماری جدوجہد انصاف کے حصول تک جاری رہے گی۔

تازہ ترین