• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران خاندان کے اندر سے بھی کرپشن کےخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین مفتی فضل احمد قادری نے کہا ہے کہ حکمران خاندان کے اندر سے بھی کرپشن کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بہاولپور سانحہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف نے برملا اور بلند آواز کے ساتھ کہا کہ یہ70سالکی کرپشن کا نتیجہ ہے، غریب عوام کو اس ملک میں کچھ نہیں ملا اور ہر روز اس طرح کے افسوسناک حادثات ہورہے ہیں اور ملک معاشی طور پر بحرانوں کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف آوازیں اور داستانیں حکمرانوں اور سیاست دانوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گی۔ عوام کے اندر بیداری اور شعور پیدا ہوجائے تو وہ دن دور نہیں کہ کرپٹ عناصر ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہوجائیں گے، لندن اور دبئی کی دولت بھی ان کے کام نہیں آئے گی، کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے انجام تک پہنچ جائیں گے، اب گھر کی دیواریں بھی یہ شہادت دینے پر مجبور ہوچکی ہیں کہ حکمران کرپٹ ہیں۔ پاکستان کے عوام کو کرپشن کے خاتمے کے لیے باہر نکلنا ہوگا۔ مفتی فضل احمد نے کہا کہ پاناما کے مجرموں اور معاشی دہشت گردوں کو اب عبرتناک سزا ہونی چاہیے، وقت کا تقاضہ ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف قیادت کو اقتدار میں لایا جائے، ورنہ ملک کو حادثات اور بحرانوں سے نکالنا مشکل ہوگا۔

تازہ ترین