• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کے ستارے فخر، رومان اور فہیم کو سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا، حسن علی ترقی

 کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ بیٹسمین محمد حفیظ اپنی غیر مستقل مزاج فارم کے باعث سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے باہر ہوتے ہوتے رہ گئے۔ سلیکٹرز نے انہیں ایک اور لائف لائن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی فائنل میں میچ وننگ اسپیل کرانے والے فاسٹ بولر محمد عامر کو بی سے اے کیٹیگری میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کی سزا پوری کرنے کے بعد عامر کی کارکردگی میں مزید بہتری آئی ہے۔ فاسٹ بولر جنید خان کی بھی سینٹرل کنٹریکٹ میں واپسی ہوئی ہے۔ گذشتہ سال جنید خان کو کنٹریکٹ نہیں دیا گیا تھا۔ مسلسل خراب کارکردگی کے باعث فاسٹ بولر وہاب ریاض کی تنزلی ہوئی ہے جبکہ ناقص بیٹنگ فارم کی وجہ سے بیٹسمین احمد شہزاد اور عمر اکمل ڈی کیٹیگری میں ہیں۔ حسن علی کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخی کامیابی کا صلہ سی سے بی کیٹیگری میں شامل کرکے دیا گیا اسی طرح ٹورنامنٹ کی شاندار فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے نئے ستارے اوپنر فخر زمان فاسٹ بولر، رومان رئیس اور آل رائونڈر فہیم اشرف کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹیگری دی جارہی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز کے لئے ایک الگ سے کیٹیگری رکھی گئی ہے تاکہ وقت پڑنے پر ان میں سے کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی ٹیم میں جگہ بناسکے۔ پی سی بی کے حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق اور ساتھی سلیکٹرز وسیم حیدر، توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی نے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہارون رشید اور مدثر نذر کے ساتھ مل کر پلیئرز کی فہرست مرتب کی، جسے حتمی شکل دینے کے لئے عید سے قبل لاہور میں طویل میٹنگ ہوئی۔ اس سلسلے میں مکی آرتھر اور سرفراز احمد سے مشاورت کی جائے گی جس کے بعد فہرست منظوری کے لئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو بھجوائی جائے گی۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے 30جون تک دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سب سے زیادہ بحث محمد حفیظ کو اے سے بی کیٹیگری دینے پر ہوئی۔ تاہم چیمپئنز ٹرافی فائنل میں تیز نصف سنچری نے انہیں نیچے جانے سے بچالیا۔ البتہ عینی شاہدین کہتے ہیں کہ مستقبل میں محمد حفیظ کے لئےخطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ اے کیٹیگری میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، محمد حفیظ، یاسر شاہ ، شعیب ملک اور محمد عامر کو رکھا گیا ہے۔ ریٹائر منٹ لینے والے دو سابق کپتان مصباح الحق اور یونس خان کئی سالوں بعد سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں شامل محمد عرفان، شرجیل خان اور خالد لطیف کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔ اسد شفیق حسن علی، بابر اعظم اور عماد وسیم بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔نئے کھلاڑیوں فخر زمان، رومان رئیس، فہیم اشرف کے ساتھ شان مسعود، حارث سہیل ، محمد نواز، سہیل خان، عمران خان، راحت علی، سہیل تنویر، محمد اصغر، سمیع اسلم کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل سمیت ڈومیسٹک سیزن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے عمر امین، میر حمزہ اور آصف ذاکر کو ڈی کیٹیگری میں رکھا جائے گا جبکہ انور علی اور صہیب مقصود کو خارج کردیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین