• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی گورننگ بورڈ کا آخری اجلاس19 جولائی کوہوگا

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ جولائی میں نئی قانون سازی کرنے جارہا ہے۔ جس کے بعد نئے بورڈ آف گورنرزکی تشکیل کا فارمولا طے پائے گا۔ بورڈ آف گورنرزکے نئے اراکین اگست کے دوسرے ہفتے میں اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے ۔ تین سال کے لئے نئے چیئرمین کا تقرر بھی عمل میں آئے گا۔ پی سی بی کے حددرجہ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پی سی بی گورننگ بورڈ کا آخری اجلاس 19 جولائی کو لاہور میں ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس وقت بورڈ آف گورنرز میں چار ریجنز کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور اور چار ڈپارٹمنٹ یوبی ایل، نیشنل بینک، سوئی ناردرن گیس اور واپڈا کے اراکین نمائندگی کرتے ہیں۔ اگست میں یہ تمام اراکین اپنے عہدوں کیتین سالہ معیاد پوری کرلیں گے۔ ان اراکین کی جگہ کون کون سا ریجن اور کون کون سا ڈپارٹمنٹ کس طریقہ کار کے تحت لے گا اس کا فیصلہ 19 جولائی کو ہوگا۔ ابھی تک بورڈ کے آئین میں نئے اراکین کے آنے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ موجودہ آئین تین سال پہلے بنا تھا۔ اس آئین میں کئی قانونی پیچیدگیوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی کا لیگل ڈپارٹمنٹ نیا فارمولا تیار کررہا ہے جو قانون حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اس وقت بورڈ آف گورنرز میں چیئرمین شہریار خان اور چیئر مین ایگزیکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی کوبورڈ کے سرپرست اعلی وزیر اعظم نواز شریف نے نامزد کیا ہے۔ نجم سیٹھی نئے گورننگ بورڈ میں بھی شامل ہوں گے اور نئے چیر مین کے لئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ پی سی بی چیئر مین شہریار خان تعطیلات ختم ہونے کے بعد 15 جولائی کو وطن واپس لوٹیں گے ۔ وہکہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی صحت کی وجہ سے پی سی بی میں مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

تازہ ترین