• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا رنجیت سنگھ کی برسی کیلئے پاکستانی ویزے پر اسپیشل ٹرین استعمال کرنے پر سخت اعتراض

لاہور (خالد محمود خالد)نئی دہلی میں بھارتی دفتر خارجہ کے حکام نے رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کے لئے جانے والے سکھوں کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کئے جانے والے ویزے پر پاکستان میں داخلے کے لئے اسپیشل ٹرین کا ذریعہ استعمال کرنے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ٹیلی فون پر جنگ سے بات کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے حکام نے کہا ہے سکھ یاتری پاکستان میں انفرادی حیثیت سے جانا چاہ رہے تھے۔بھارتی دفتر خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے سرکاری طور پر پاکستان جانے کے لئے کوئی جتھہ ترتیب نہیں دیا گیا تھا۔ جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان انفرادی طور پر جانے والے سیاحوں یا یاتریوں کے لئے اسپیشل ٹرین نہیں چلائی جا سکتی۔دوسری طرف نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے بھی جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نئی دہلی کی طرف سے پاکستانی ہائی کمیشن کو جو ویزہ فارم موصول ہوئے ان پر پاکستان میں اسپیشل ٹرین کے ذریعے داخلے کے لئے درخواست دی گئی تھی۔پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اس بات کو تسلیم کیا کہ بھارت کی طرف سے سرکاری طور پر یاتریوں کو اسپیشل ٹرین کے ذریعے پاکستان جانے کی منظوری کی دستاویزات موصول نہیں ہوئی تھیں۔اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سکھوں کو انفرادی حیثیت کے طور پر پیدل سرحد عبور کرنے کا ویزہ دیتا تو بھارت کو رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کے جانے والے یاتریوں کو روکنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔

تازہ ترین