• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلک کوئی بھی شہید ہمارے، آرمی چیف، سانحہ پاراچنار عظیم قومی نقصان، متاثرین کی ہرممکن مدد

Todays Print

راولپنڈی(نمائندہ جنگ؍نیوز ایجنسیز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مسلک کوئی بھی ہو شہید ہمارے ہیں، سانحہ پارا چنار عظیم قومی نقصان ہے، متاثرین کی ہرممکن بلاتفریق مدد کرینگے، ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ چند روز میں پاک فوج کے سربراہ سے تمام مسالک کے علماء نے ملاقاتیں کیں۔آرمی چیف نے کہا کہ فرقے یا مسالک سے قطع نظر تمام شہید اور زخمی ہمارے لیے برابر ہیں، ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں، دشمنوں نے گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے، ملک میں قائم ہونے والے امن کے ثمرات ضائع نہیں ہونے دیں گے اور دشمن کی تقسیم کرنے کی ہر سازش ناکام بنادی ہے۔

 آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیہ کے مطابق موجودہ واقعات کو دانستہ فرقہ وارانہ اور نسلی منافرت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، یہ گمراہ کن مہم پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے شروع کی گئی ہے اور اس مہم کا پھیلنا افسوسناک ہے، پاک فوج دشمن خفیہ اداروں اور غیر ریاستی عناصر کی جانب سے حالیہ واقعات کو فرقہ واریت اور نسلی منافرت کا رنگ دینے کو قریب سے دیکھ رہی ہے۔

آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ فاٹا سمیت ملک بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر کرلیا گیا ہے اور کسی صورت اسے دوبارہ خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق موسم کی خرابی کے سبب آرمی چیف کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں لینڈنہیں کرسکا۔

موسم ٹھیک ہوتے ہی آرمی چیف دوبارہ پارا چنار روانہ ہوں گے۔ قبل ازیں آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ساتھ سادگی سے عید منائی، نمازِ عید ادا کی اور جوانوں کے ہمت و حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ لائن آف کنٹرول پر ہونے والی نمازعید میں پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

سپہ سالار نے جوانوں کو عید کی مبارک باد دی اور ان سے گلے بھی ملے۔ اے پی پی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو نشتر ہسپتال ملتان میں احمد پور شرقیہ حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو زخمیوں کے علاج معالجہ کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے متاثرین کا بہترین طریقہ سے خیال رکھنے کے سلسلہ میں سول انتظامیہ کو پاک فوج کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو ملتان گیریژن کا دورہ کیا اور شہداءکے اہلخانہ سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم کو اپنے شہداءکی قربانیوں پر فخر ہے، وطن پر جان دینے سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں۔ اس موقع پر کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

تازہ ترین