• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینزویلا:سپریم کورٹ پرہیلی کاپٹر سے حملہ ، دہشتگردانہ کارروائی ہے، صدر مادورو

Todays Print

کاراکس (رائٹرز) وینزویلا کے ایک پولیس ہیلی کاپٹر نے دارالحکومت کاراکس میں واقع سپریم کورٹ اور وزارت داخلہ کی عمارتوں پر حملے کیے ہیں۔ ملکی صدر نکولاس مادورو نے اس کارروائی کو ’ایک دہشت گرد عمل‘ قرار دے دیا ہے۔

وینزویلا کے حکام نےبتایا ہے کہ منگل کے دن پولیس کے ایک ہیلی کاپٹر نے سپریم کورٹ اور وزارت داخلہ کی عمارتوں پر حملہ کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نچلی پرواز کرتے ہوئے اس ہیلی کاپٹر نے وزارت کی عمارت پر پندرہ فائر کیے جبکہ سپریم کورٹ کی عمارت پر چار گرینیڈ پھینکے۔

جب یہ کارروائی کی گئی تو دونوں حکومتی عمارتوں میں سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ایسی اطلاعات ہیں کہ اس چرائے گئے ہیلی کاپٹر میں ایک پولیس افسر ہی موجود تھا، جس نے یہ کارروائی سر انجام دی ہے۔

اس حملے کے بعد یہ پولیس اہلکار فرار ہو گیا، جس کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ملکی اپوزیشن سپریم کورٹ پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ صدر مادورو کی حمایت کرتی ہے۔

اسی طرح وزارت داخلہ بھی صدر مادورو کے تابع ہے۔ملکی صدر نکولاس مادورو نے اس حملے کو ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل یہ ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے سلسلے میں کی جانے والی ایک کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جلد یا بدیر ہم ان حملہ آوروں کو پکڑ لیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح حملہ آوروں نے حکومتی اداروں پر دہشت گردانہ حملہ کیا ہے۔

تازہ ترین